نیویارک (ڈیلی پاکستان آن لائن)اسرائیلی وزیراعظم کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب پر پاکستانی وفد نے احتجاج ریکارڈ کرتے ہوئے واک آؤٹ کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے خطاب کے بعد جیسے ہی اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اپنے خطاب کیلئے پہنچے ، پاکستانی وفد نے اپنا احتجاج عالمی فورم پر ریکارڈ کروادیا۔
اس سے قبل اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے گھر ملبے کے ڈھیر بن گئے، دنیا آنکھیں کیسے بند رکھ سکتی ہے،ہمیں یاد رکھنا ہوگا کہ غزہ کے لوگوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،فلسطین کو فوری طور پر اقوام متحدہ کا مستقبل رکن تسلیم کرنا ہوگا،صرف مذمت کرنا کافی نہیں، ہمیں اس خونریزی کو فوری روکنا ہوگا، غزہ کے المناک سانحہ نے انسانیت کو ہلا کر رکھ دیا ہے، معصوم بچوں، عورتوں اور نہتے شہریوں کے قتل پر خاموش نہیں رہا جا سکتا، اسرائیلی جارحیت کو طوالت دینے والوں کے ہاتھ بھی غزہ کے بچوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، نہتے فلسطینیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، عالمی برادری کو پائیدار امن اور دو ریاستی حل کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔