ملتان ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ڈی آئی خان سے کوہاٹ تک اکثریتی علاقہ نوگوایریا بن گیا ہے، ڈی آئی خان سے کوہاٹ تک حکومتی رٹ موجود نہیں۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی موجودہ حکومت میں بدامنی بڑھ رہی ہے، خیبرپختونخوا حکومت امن قائم کرنے میں ناکام ہے، صوبے کے وزیراعلیٰ کو جلسے جلوسوں سے فرصت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج جو لوگ سڑکوں پر ہیں انہیں ہم نے پرامن پاکستان دیا تھا، کے پی حکومت کو 600 ارب سکیورٹی کے لئے ملے لیکن پولیس کے پاس وسائل نہیں، کے پی حکومت ایک نعرے پر چل رہی ہے وہ کرپشن کرپشن کرپشن ہے، پشاور بی آر ٹی میں کرپشن سامنے آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام وزیر، مشیر اور ترجمان میرے خلاف بول لیں کیونکہ انہوں نے نوکری پکی کرنی ہے، اگر میرا بھائی خلاف بولے گا تو اس کا تو جواب دوں گا، میں نے صوبے کے تمام سیاسی جماعتوں کے لیڈران کو خط لکھا ہے، نہ چاہتے ہوئے پی ٹی آئی کو بھی خط لکھا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خط میں لکھا ہے کہ صوبے کا ایک مقدمہ بنائیں اور مرکز کے سامنے پیش کریں، ہم وہ مقدمہ گالم گلوچ کے ساتھ نہیں، دلیل اور دلائل کے ساتھ پیش کریں گے،صوبے میں امن و امان کی صورتحال ون پوائنٹ ایجنڈا ہے ، وزیراعظم سے بھی صوبے کے امن پر تفصیل سے بات کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومتوں میں مسائل ہوتے ہیں، گلے شکوو¿ں کو دور کریں گے، بلاول بھٹو نے جنرل الیکشن میں جو مہم چلائی شاید ہی وہ کسی نے چلائی ہو۔
آئینی عدالتوں کے حوالے سے گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ آئینی عدالتوں کے قیام کے لئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو جگہ جگہ جا رہے ہیں، وسیب کے عوام نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا ہے۔