لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت وزیر اعلی مریم نواز کی قیادت میں طالبات کی ترقی کو اپنا اہم ایجنڈا سمجھتی ہیں اور انہیں قومی دھارے میں شریک کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ اسی تناظر میں طالبات کو خودمختار بنانے کیلئے مختلف منصوبے متعارف کروائے اور کئی مزید منصوبے جلد اجراء کی طرف جا رہے ہیں۔
یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس اور آئیڈیا تھنک ٹینک کے زیر اہتمام "یونیورسٹیوں میں وویمن ڈوہلپمنٹ سنٹرز کے استحکام" کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں جنہیں مستحکم کرکے ملک کی ترقی کے عمل کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔ پنجاب حکومت نے سالانہ 30 ہزار طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے سکالر شپ مہیا کرنے کے پراجیکٹ کا آغاز کر دیا ہے جبکہ اگلے ایک سے دو ماہ میں 40 ہزار طالبعلموں میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کردئیے جائیں گے۔ وویمن ڈویلپمنٹ سنٹرز یونیورسٹیوں میں طالبات کی صلاحیتوں کے نکھار میں اہم کردارا دا کر رہے ہیں۔
تقریب سے خطاب میں امریکی قونصل جنرل کرسٹین ہاکنز کا کہنا تھا کہ سماجی ترقی میں خواتین کے کلیدی کردار کے پیش نظر امریکہ خواتین کی ترقی و استحکام پر یقین رکھتا ہے۔ اسی تناظر میں امریکا پاکستانی طلباء کو اعلیٰ تعلیم کیلئے سکالر شپس آفر کر رہا ہے۔
سیمینار سے وائس چانسلر ڈاکٹر فلیحہ زہرہ سید، سینئر صحافی سلمان غنی اور سلمان عابد و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ترجیح یونیوسٹیوں میں پڑھنے والے طالب علم بالخصوص طالبات ہیں اور کوشش ہے کہ وویمن ڈویلپمنٹ سنٹرز کی مدد سے یونیورسٹیوں کی سطح پر طلبہ و طالبات کیلئے زیادہ سے زیادہ معلوماتی، تربیتی اور مختلف مہارات پر مشتمل پروگراموں کا انعقاد کیا جائے تاکہ نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع ملیں۔
سیمینار میں پنجاب یونیورسٹی، یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس، لاہور کالج ویمن یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف سرگودھا کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ سمیت پنجاب ہائر ایجوکیشن سے ڈاکٹر آصف منیر،ویمن ڈولیپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سے اشفاق بخاری اور وزارت انسانی حقوق سے محمد یوسف اور سعدیہ صابر نے بھی خطاب کیا جبکہ ڈاکٹر رعنا ملک، ڈاکٹر عظمی عاشق، ڈاکٹر ارم رباب اور ڈاکٹر نرگس عباس نے بھی خصوصی شرکت کی۔