کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2024ء) وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے وسیع المدتی منصوبہ بندی تیار کی جاررہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں سیلاب متاثرین میں امدادی چیکس کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری تقریب کے مہمان خصوصی تھے ،اس موقع پر پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما رکن قومی اسمبلی میر اعجاز جھکرانی ، صابر بلوچ، صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی، میر علی حسن زہری ،سپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی، ڈپٹی سپیکر محترمہ غزالہ گولہ، صوبائی وزرا ، مشیر، پارلیمانی سیکرٹریز اراکین اسمبلی اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
(جاری ہے)
وزیراعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 2022میں بطور وزیر خارجہ سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کیلئے بین الاقوامی سطح پر بھرپور کوششیں کیں اور ان کی انٹرنیشنل فنڈنگ سے سندھ و بلوچستان میں متاثرین کی دیرپا بحالی و معاونت ممکن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ 400 ملین ڈالر کا منصوبہ بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے قابل عمل بنایا گیا، وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان کے امور کو وفاق میں بہتر طور پیش کرنے اور اصولی موقف اپنانے پربلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی میں بلوچستان کی ترقی کے لئے قابل عمل منصوبوں کو پایا تکمیل تک پہنچایا جائے گا اور عام آدمی کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لئے اقدامات کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا۔