بالی وڈ سپر اسٹار گووند ارجن آہوجا المعروف گووندا کو اپنی رہائش گاہ پر اپنے ہی ریوالور سے گولی لگ گئی جس کے بعد انہیں اسپتال داخل کروادیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ منگل کی صبح پونے 5 بجے پیش آیا جب 60 سالہ اداکار اور سیاسی جماعت شیو سینا کے رہنما واقعے کے وقت اپنے جوہو والے گھر میں اکیلے تھے۔
اداکار کے مینیجر ششی سنہا نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ ہمارا کولکتہ میں ایک شو تھا اور صبح 6 بجے کی فلائٹ تھی، میں ائیرپورٹ پہنچ چکا تھا اور گووندا نکل رہے تھے جب ان سے غلطی سے گولی چل گئی جو ان کی ٹانگ میں لگی۔
ششی سنہا کے مطابق ریوالور الماری میں رکھنے کے دوران گرگیا اور غلطی سے فائر ہوگیا، یہ خدا کی سے ہے کہ گووندا جی کو صرف ایک ٹانگ پر چوٹ آئی اور ان کا زخم خطرناک نہیں ہے۔
مینیجر نے مزید بتایا کہ اسپتال میں ایک چھوٹے سے آپریشن کے بعد گووندا کی ٹانگ سے گولی نکال لی گئی ہے۔
خیال رہے کہ گووندا 90 کی دہائی میں کامیڈی ہیرو کے طور پر بےحد مقبول تھے۔
گووندا کی مقبول سپر ہٹ فلموں میں آنکھیں (1993)، راجا بابو (1994)، قُلی نمبر 1 (1995)، دیوانہ مستانہ (1997)، دُلہے راجہ (1998)، بڑے میاں چھوٹے میاں (1998)، اناڑی نمبر 1 (1999) اور جوڑی نمبر 1 (2001) شامل ہیں۔
2000 کی دہائی میں انہوں نے بھاگم بھاگ (2006)، پارٹنر (2007) اور لائف پارٹنر (2009) جیسی بلاک بسٹر فلموں میں کام کیا۔