سانحہ کارساز میں عوام کا سمندر پیغام دے گا کہ ہم اپنے شہیدوں کو نہیں بھولے،فریال تالپور

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2024ء) پاکستان پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و ایم پی اے فریال تالپور کی زیرِ صدارت سانحہ کارساز کی برسی کے موقع پر حیدرآباد میں ہونے والے جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی قیادت، صوبائی وزراء، حیدرآباد، میرپورخاص اور شہید بینظیر آباد ڈویژنوں سے منتخب پارٹی کے ارکانِ اسمبلی، سینیٹرز اور ضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔جاری بیان کے مطابق اجلاس میں پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھڑو اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ،صوبائی جنرل سیکریٹری وقار مہدی، اطلاعات سیکریٹری عاجز دھامراہ،صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، جام خان شورو نے شرکت کی۔اجلاس میں 18 اکتوبر کو سانحہ کارساز کی برسی پر منعقد عظیم الشان جلسہ عام میں بھرپور عوامی شرکت کے لیے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

فریال تالپور نے ہدایت دی کہ یقینی بنایا جائے کہ عوام کو جلسہ عام تک پہنچنے میں کسی قسم کی رکاوٹ اور زحمت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اجلاس کے شرکاء کی جانب سے حیدرآباد جلسہ میں بھرپور عوامی شرکت کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔فریال تالپور نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں 18 اکتوبر کو لاکھوں لوگ جمع ہوکرشہداء کارساز کو خراج عقیدت پیش کریں گے،18 اکتوبر کو حیدرآباد میں عوام کا سمندر پیغام دے گا کہ ہم اپنے شہیدوں کو نہیں بھولے،عوام پیغام دے گا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور سانحہ کارساز کے شہداء کا مشن زندہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کا جلسہ ثابت کرے گا جیالے شہید بھٹو اور شہید بی بی کے مشن کو پایہ تکمیل پر پہنچانے کےلیے پرعزم ہیں،18 اکتوبر کا جلسہ ثابت کرے گا کہ ملک میں رواداری، مساوات، جمہوریت اور ترقی کی جدوجہد میں عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔

اس پر پڑھیں قومی خبریں Header Banner