کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایم ڈی کیٹ سال 2024 کا پیپر لیک ہونے کے معاملے پر طلبہ نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا جس پر عدالت نے انکوائری کا حکم جاری کردیا ہے۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنما ڈاکٹر محبوب نوناری بھی عدالت پہنچ گئے۔ دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی ایم ڈی کیٹ کا پیپر وقت سے پہلے لیک ہوگیا اور اسے لاکھوں روپے میں فروخت کیا گیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سندھ کے ہونہار طلبہ کے ساتھ ایک مرتبہ پھر نا انصافی ہو رہی ہے۔ پرچہ لیک ہونے سے میرٹ کا قتل کیا گیا ہے۔ عدالت نے ایم ڈی کیٹ پرچہ لیک ہونے پر انکوائری کا حکم دے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پرچہ لیک کرنے میں ملوث ملزمان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ جب تک انکوائری نہیں ہوتی تب تک ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو معطل کیا جائے۔ انکوائری مکمل ہونے تک نتائج کو بھی روکا جائے۔