لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن )بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما کے بھائی زیک گولڈ سمتھ کے اسرائیل حامی بیان پر پاکستانی صحافی نے کرارا جواب دے کر انہیں آئینہ دکھا دیا جس کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے زیک گولڈ ستمھ کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے اس میں عمران خان اور ان کے بچوں کا تذکرہ کردیا۔
ایران کی جانب سے اسرائیل پر جوابی حملے کے بعد اسرائیل کی حمایت اور اس سے ہمدردی کے لئے جوبائیڈن انتظامیہ سمیت متعدد امریکی عہدیداروں اور سیاستدانوں کے بیانات سامنے آرہے ہیں۔
جمائما کے بھائی زیک گولڈ ستمھ نے بھی سماجی روابط کی ویب سائٹ ایکس پر اسرائیل کی حمایت میں ایک ٹوئٹ کیا جس پر انہیں غیر متوقع جواب ملا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اپنی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے اور اس کی یہ جنگ آمرانہ، متشدداور جابرانہ حکومت کے اتحاد کے خلاف ہے۔
زیک گولڈستمھ نے کہا کہ ’اسرائیل دنیا کے انتہائی تاریکی حصے میں ایک امید کی کرن ہے، ہم سب کے لئے اسرائیل کا جیتنا بہت ضروری ہے۔
جس پر پاکستانی سینئر صحافی حامد میر نے زیک گولڈستمھ کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے جواب دیا کہ “آپ کی اس کرن (اسرائیل) نے فلسطین کے معاملے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تمام قراردادوں کی دھجیاں اڑادی ہیں، اسرائیل اقوام متحدہ سے اٹھنے والی معمولی امید کی کرن کو قبول کرنے کے لئے کیوں تیار نہیں ہوتی؟
زیک سمتھ کی ٹوئٹ پر وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے ری ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان نے پاکستانی نژاد برطانوی صادق خان کے مخالف امیدوار زیک گولڈ ستمھ کے حق میں لندن میئرشپ کے لئے سیاسی مہم چلائی‘۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ’صادق خان جیت گیا اور مسلسل جیت رہا رہے، اس صیہونی یہودی خاندان کے پاس عمران خان کی بیٹی اور دو بیٹے پرورش پا رہے ہیں‘۔
ن لیگی رہنما نے زیک گولڈ استمھ کی ٹوئٹ کا پس منظر بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’اس ٹویٹ کہا جا رہاہے کہ اسرائیل دنیا کے تاریک ترین خطہ جو اسلامی ممالک پہ مشتمل ہے واحد روشنی ہے۔ اولاد انسان کا عزیز ترین اثاثہ ہوتی ہے۔ عمران خان کا یہ اثاثہ اسلام اور مسلم دشمن قوتوں کے پاس ڈیپازٹ ہے۔ عمران خان خود ان صدیوں سے اسلام دشمن قوتوں کا اثاثہ ہے‘۔