لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ہمیں پنجاب کی تاریخ کی نالائق ترین اور نکمی اپوزیشن ملی ہے،جو خود ہی اجلاس بلانے کے لیے ریکوزیشن جمع کراتے اور خود ہی اسمبلی کے گیٹ پر تماشہ لگاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر اسمبلی کے گیٹ پر تماشہ ہی لگانا تھا تو اجلاس پر عوام کے ٹیکس کا پیسہ کیوں خرچ کروایا؟اپوزیشن کی ریکوزیشن کے اجلاس کا بائیکاٹ کرنے والی یہ دنیا کی پہلی نالائق ترین اپوزیشن ہے،9 مئی کے جن دہشتگردوں کو جیلوں میں ہونا چاہیے وہ اسمبلی کے گیٹ پر ہلڑ بازی اور دشنام تراشی کر رہے ہیں،اس فسادی ٹولے کا ایجنڈا ملک میں فساد پھیلانا ہے، 9 مئی کے سہولت کار اور منصوبہ سازوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا وقت آگیا ہے، یہ ٹولہ ملکی سیاست پر سیاہ ترین دھبہ بن چکا ہے، جب تک اس فسادی اور انتشاری ٹولے کو انجام تک نہیں پہنچایا جاتا پاکستان میں استحکام آئے گا اور نہ خوشحالی آئے گی۔