04 اکتوبر ، 2024
پاکستان فٹبال ٹیم کو وقت کی کمی کے باعث ایک بڑے حریف کے خلاف فرینڈلی میچ کھیلنے کا موقع ہاتھ سے نکل گیا۔
روس اور پاکستان کے درمیان اکتوبر میں ممکنہ فرینڈلی میچ کیلئے مذاکرات شروع ہوئے لیکن پی ایف ایف کی عدم دلچسپی کی وجہ سے بات آگے نہ بڑھ سکی۔
195ویں رینک پر موجود پاکستان کو عالمی نمبر 34 روس کے خلاف کھیلنے کا موقع مل سکتا تھا، تاہم وقت کی قلت کے باعث یہ ممکن نہ ہو سکا۔
ذرائع کے مطابق روس نے پاکستان کو اکتوبر کی فیفا انٹرنیشنل ونڈو میں ایک فرینڈلی میچ کھیلنے کی پیشکش کی تھی، جس کے تمام اخراجات روسی فٹبال فیڈریشن کو برداشت کرنا تھے۔
روس میں ہونے والے اس میچ کےلیے 11 اکتوبر کی تاریخ تجویز کی گئی تھی، لیکن پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے تیاری کیلئے ناکافی وقت کا جواز دیتے ہوئے اس پیشکش کو قبول نہ کیا۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن نے روس سے اکتوبر کی بجائے نومبر کی ونڈو میں فرینڈلی کھیلنے کی درخواست کی، لیکن روسی فٹبال فیڈریشن نے اس سے انکار کر دیا۔ دونوں فیڈریشنز کے درمیان آخری رابطہ ستمبر کے آخر میں ہوا تھا، اور اس کے بعد سے نومبر میں میچ کے امکانات تقریباً معدوم ہوچکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیفا کی جانب سے پاکستان فٹبال فیڈریشن کو اب فرینڈلی میچز کے لیے فنڈز جاری نہیں کیے جائیں گے، جس کے باعث نومبر میں کسی دوسرے حریف سے بھی انٹرنیشنل فرینڈلی کا انعقاد مشکل ہو گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ روس سے بھی اس وجہ سے ہی بات ہوئی تھی کہ تمام اخراجات روسی فیڈریشن برداشت کرنے کو تیار تھی، اب اگلا میچ اس صورت ہی ممکن ہوگا جب میزبان فیڈریشن اخراجات برداشت کرنے کو تیار ہو۔