اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے 7 اکتوبر کو یوم یکجہتی فلسطین منانے کااعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات میں موجود سیاسی جماعتوں نے غزہ اور فلسطینیوں کے ساتھ قومی سطح پر اظہار یکجہتی کا فیصلہ کیا۔ ملاقات میں غزہ اور فلسطین میں نہتے فلسطینیوں پر جاری ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانے اور فلسطینی بہن بھائیوں کے حق میں آواز اٹھانے کے لیے وزیرِ اعظم کی میزبانی میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔7 اکتوبر کو ملک بھر میں غزہ اور فلسطین میں اسرائیلی ظلم و بربریت کے شکار نہتے مسلمان بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ’یوم یکجہتی‘ منانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ملاقات میں یوم یکجہتیِ فلسطین اور آل پارٹیز کانفرنس کے لیے کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔