کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن )شہر قائد کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال نے جدید طریقہ جراحی کے ذریعے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق جناح ہسپتال کراچی میں روبوٹک سرجری کے ابتدائی ایک سال کے دوران گائنی، یورولوجی سمیت جنرل سرجری کے 300 کامیاب آپریشن کئے گئے۔
جناح سپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول کے مطابق 4 اکتوبر 2023 کو اس ٹیکنالوجی کا آغاز کیا گیا۔ روبوٹک سرجری کے ذریعے یورولوجی، جنرل سرجری اور گائنی سمیت مختلف شعبہ جات میں آپریشنز کئے گئے۔
ان میں سیلف گیسٹریکٹومی، بڑی آنت کے کینسر کی سرجری، ہرنیا اور پتہ نکالنے کے کامیاب آپریشن شامل ہیں۔ ان سرجریز کے دوران نہ صرف مریضوں کی صحت یابی جلد ہوئی بلکہ پیچیدگیاں بھی کم دیکھنے میں آئیں۔
خوش آئند بات یہ ہے کہ اس دوران کسی مریض کی ہلاکت واقع نہیں ہوئی۔ روبوٹک سرجری کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں چھوٹے کٹ کے ذریعے آپریشن ہوتا ہے۔ خون کا ضیاع کم ہوتا ہے اور مریض جلد صحت یاب ہو جاتے ہیں۔
انسانی کلائی 180 زاویئے سے گھومتی ہے جبکہ روبوٹک سسٹم 360 کے زاویئے سے گھومنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس ٹیکنالوجی کو مزید فروغ دینے کے لئے بیرون ملک سے ماہرین نے مقامی ڈاکٹروں کی تربیت کے لئے ورکشاپس کا انعقاد کیا اور بعض طبی عملے کو تربیت کے لئے شارجہ بھی بھیجا گیا۔
جناح ہسپتال میں طبی عملے کی کمی اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔ ہسپتال میں موجود 28 بستروں پر مشتمل ایک سرجیکل آئی سی یو میں صرف 8 بستر فعال ہیں جبکہ بقیہ 20 بستروں کے لئے اینستھیک ٹیکنیشنز موجود نہیں ہیں۔
پروفیسر شاہد رسول نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی مدت ملازمت کے دوران جناح ہسپتال کو ایک خودمختار ادارہ بنانے کی کوشش کریں گے۔ جیسا کہ این آئی سی وی ڈی اور ایس آئی یو ٹی اور ایس آئی سی ایچ جیسے ادارے ہیں۔