چینی باشندوں پر حملے کی تحقیقات کی خودنگرانی کرونگا،وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف اسلام آباد میں چینی سفارتخانے پہنچے جہاں انہوں نے پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈانگ سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے چینی سفیر سے کراچی میں چینی قافلے پر دہشتگرد حملے پر اظہار تعزیت  کیا اور چینی باشندوں کے جاں بحق ہونے پر شدید رنج و الم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے اس واقعے کے ذمہ دار افراد کی جلد از جلد شناخت کے لیے حکومت مکمل طور پر متحرک ہے،واقعے کے ذمہ داران کی جلد از جلد شناخت کے بعد انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا،پاکستان میں موجود ہمارے چینی بھائیوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے ،پاکستان اور چین کے تعلقات کو نقصان پہنچانے کی اس گھناؤنی سازش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا،اس واقعے کی تحقیقات کی میں ذاتی طور پر خود نگرانی کروں گا ،غیر ملکیوں کے لیے سیکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

چینی سفیر نےکراچی میں دہشتگردی کے واقعے کے بعد حکومت پاکستان کی جانب سے فوری ردعمل اور تحقیقات کے آغاز پر وزیراعظم سے اظہار تشکرکیا،انہوں نے معاملے کی مؤثر تحقیقات، ذمہ دار دہشتگردوں کی فوری شناخت اور ان کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے میں حکومت پاکستان پر اعتماد کا اظہارکیا،ان کا کہنا تھاکہ ہمیں امید ہے کہ واقعے کے ذمہ دار افراد کو جلد از جلد قرار واقعی سزائیں دی جائیں گی۔

اس پر پڑھیں قومی Header Banner