ملتان ٹیسٹ، پاکستان نے 6 وکٹوں پر 397 رنز بنا لیے ... سعود شکیل 67 رنز بناکر کریز پر موجود ، محمد رضوان صفر کی خفت سے دوچار

سعود شکیل 67 رنز بناکر کریز پر موجود ، محمد رضوان صفر کی خفت سے دوچار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 8 اکتوبر 2024 12:06

ملتان ٹیسٹ، پاکستان نے 6 وکٹوں پر 397 رنز بنا لیے
ملتان (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 اکتوبر 2024ء ) پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے میزبان انگلینڈ کے خلاف 6 وکٹوں کے نقصان پر 397 رنز بنالیے۔ ملتان میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میں مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل 67 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں جبکہ آج گرنے والی پہلی وکٹ نسیم شاہ کی تھی جو 33 رنز بناکر پویلین لوٹے، محمد رضوان بھی صفر کی خفت سے دوچار ہوکر پوویلین واپس لوٹ گئے۔ اس سے قبل پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف پہلے دن کے اختتام پر 86 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنائے تھے۔ صائم ایوب کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد کپتان شان مسعود اور اوپنر عبداللہ شفیق نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 253 رنز بنائے۔ یہاں عبداللہ شفیق 102 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، انہوں نے ٹیسٹ میں اپنی پانچویں سنچری بنائی۔

(جاری ہے)

عبداللہ شفیق کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان شان مسعود بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹہر سکے اور 151 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔ انہوں نے 4 سال بعد کیریئر کی 11 ویں سنچری اسکور کی جس میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ پاکستان کو چوتھا نقصان بابراعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 30 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ پہلے دن کے اختتام پر سعود شکیل 35 اور نسیم شاہ بغیر کوئی رن بنائے کریز پر موجود تھے۔ قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ بڑے اسکور کی کوشش کریں گے اور اندازہ ہے کہ بڑی دیر سے جیت نہیں سکے، ہم تین فاسٹ اور دو اسپنرز کے ساتھ کھیلیں گے۔ انگلش اولی پوپ نے کہا کہ پچ میں نمی موجود ہے لہٰذا جلد وکٹیں لینے کی کوشش کریں گے۔ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ کا فیصلہ ہی کرتے۔ واضح رہے کہ ملتان میں اب تک دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ایک ایک ٹیسٹ جیت چکی ہیں۔ انگلینڈ سے قبل بنگلا دیش نے پاکستان کو اسکی ہی سرزمین پر 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔ پاکستان پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کپتان شان مسعود، بابر اعظم، نائب کپتان سعود شکیل، وکٹ کیپر محمد رضوان، سلمان علی آغا، عامر جمال، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد شامل ہیں۔ انگلینڈ پلیئنگ الیون زیک کرالے، بین ڈکٹ، کپتان اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، وکٹ کیپر جیمی اسمتھ، کرس ووکس، گس ایٹکنسن، بریڈن کرس (ڈیبیو)، جیک لیچ اور شعیب بشیر پر مشتمل ہے۔

اس پر پڑھیں کھیلو ں کی خبریں Header Banner