سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کیخلاف اینٹی کرپشن کے مقدمہ اندراج کے معاملے پر ان کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ انہیں محمد اکرم سے متعلق ابھی کوئی معلومات نہیں ہے۔
اہلخانہ کے مطابق محمد اکرم کو کس عدالت میں پیش کیا گیا اس بارے بھی کوئی اطلاعات نہیں ہیں، ان کےخلاف اینٹی کرپشن میں مقدمے کا پتہ چلا ہے۔
اہلخانہ نے بتایا کہ محمد اکرم کی بازیابی سے متعلق ہمیں تاحال کچھ نہیں بتایا جارہا، انکی بازیابی سے متعلق کیس لاہور ہائیکورٹ پنڈی بینچ میں زیر سماعت ہے۔
اہلیہ محمد اکرم کا کہنا تھا کہ آئی جی جیل خانہ جات بھی عدالت میں پیش ہوئے تھے، عدالت نے 11 اکتوبر کو محمد اکرم کی بازیابی سے متعلق دوبارہ سماعت کرنی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عدالت نے راولپنڈی پولیس سے محمد اکرم سے متعلق پیشرفت رپورٹ بھی مانگی ہے۔ محمد اکرم کو اگر کسی عدالت میں پیش کیا گیا تو ہم سے چھپایا گیا ہے۔ انکے خلاف اگر کوئی مقدمہ درج کیا ہے تو ہمیں بتایا جانا چاہیے تھا۔