ٹی بلز میں عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ ہو نے لگا ... دنیا کے سرمایہ کاروں میں پاکستان کی بیرونی اور اندرونی معیشت پر اعتبار بڑھنے لگا

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2024ء) دنیا کے بیشتر ممالک کے سرمایہ کاروں میں پاکستان کی بیرونی اور اندرونی معیشت پر اعتبار بڑھنے لگا اور اسی اعتماد کے سبب حکومت کے امریکی ڈالر میں جاری یوروبانڈز اور مقامی مارکیٹ میں روپے پر مبنی ٹریژری بلز (ٹی بلز) میں عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ ہو نے لگاہے۔ یہ رجحان اس وقت شروع ہوا جب ملک نے ستمبر 2024 کے آخر میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے 7 ارب ڈالر کے قرضہ پروگرام کو حاصل کیا۔پاکستان کے عالمی خودمختار بانڈز کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، اور اس کے ساتھ ہی ان کی ییلڈز (واپسی کی شرح یا چھ ماہ کے سود کی ادائیگی) میں نمایاں کمی آئی ہے، کیونکہ ییلڈ اور قیمتیں ہمیشہ مخالف سمت میں حرکت کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان کے ڈالر میں جاری یوروبانڈز جو پچھلے سال کے اس وقت کے دوران 20سی40فیصد واپسی دے رہے تھے، اب سنگل ڈیجٹس میں 9سی11فیصد کے قریب ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ییلڈز میں اس تیز کمی سے حکومت کو بین الاقوامی مارکیٹوں سے زیادہ سازگار شرائط پر تجارتی قرضے تک رسائی کا موقع مل سکتا ہے۔ ملک کے ممتاز سرمایہ کار عقیل کریم ڈیڈھی کی سربراہی میں کام کرنے والی اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ریسرچ ہیڈ نے تصدیق کی کہ عالمی سرمایہ کار پاکستان کے یوروبانڈز بڑھتی قیمتوں پر خرید رہے ہیں، اور بانڈز پر زیادہ ییلڈ کی مانگ میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔آئی ایم ایف کے 7 ارب ڈالر کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی (ای ایف ایف) پروگرام، جو 37 ماہ پر محیط ہے، نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھا دیا ہے۔ سرمایہ کار سمجھتے ہیں کہ ملک نے پروگرام کے تحت مطلوبہ بیرونی فنانسنگ حاصل کر لی ہے، جس سے یوروبانڈز بہتر قیمتوں اور واپسی کے لئے پرکشش بن رہے ہیں۔ڈیٹا سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان کے 10 سالہ یوروبانڈ کی قیمت جو 500 ملین ڈالر کا ہے اور ستمبر 2025 میں میچور ہوگا۔جمعہ 4 اکتوبر کو 98.2 سینٹس فی ڈالر تک پہنچ گئی جو 6 ستمبر کو آئی ایم ایف پروگرام سے پہلے 97.1 سینٹس تھی۔ اس بانڈ کی ییلڈ یکم جنوری 2024 سے 8.06 پوائنٹس کی کمی کے بعد جمعہ کو 10.26فیصد تک پہنچ گئی۔ اسی طرح، 1.3 ارب ڈالر کا 5 سالہ بانڈ، جو اپریل 2026 میں میچور ہوگا، اس کی قیمت جمعہ کو 93 سینٹس تک بڑھ گئی، جو 6 ستمبر کو 91.6 سینٹس تھی۔ اس کی ییلڈ سال کے آغاز سے 11.74 پوائنٹس کی کمی کے بعد اختتام ہفتہ پر 11.18فیصد تک پہنچ گئی۔دیگر بانڈز میں بھی اسی طرح کے رجحانات دیکھنے کو ملے ہیں۔ اس وقت پاکستان کے سات یوروبانڈز گردش میں ہیں، جن کی مجموعی مالیت 6.8 ارب ڈالر ہے، جو ستمبر 2025 سے اپریل 2051 کے درمیان میچور ہوں گے۔ انکامزید کہنا تھاکہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل اضافہ، جو اب 30 ماہ کی بلند ترین سطح 10.7 ارب ڈالر پر پہنچ چکے ہیں، جو ڈھائی ماہ پہلے تھوڑا سا 9 ارب ڈالر سے زیادہ تھے، اور اگست میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس کی واپسی نے ملکی معیشت پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مزید اضافہ کیا ہے۔ٹی بلز میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈیٹا کے مطابق ستمبر 2024 کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں نے مقامی مارکیٹ میں روپے پر مبنی ٹی بلز میں 61.65 ملین ڈالر نیٹ سرمایہ کاری کی، جس سے رواں مالی سال 2024-25 کے پہلے تین ماہ (جولائی تا ستمبر) میں ٹی بلز میں عالمی سرمایہ کاری کل 179.16 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔ انہوں نے اس دلچسپی کو روپے اور ڈالر کے درمیان شرح تبادلہ کے استحکام اور مقامی بانڈز پر ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ واپسی سے منسوب کیا۔روپے اور ڈالر کے درمیان شرح تبادلہ پچھلے چھ ماہ اور ڈیڑھ ماہ سے تقریباً 277-279 روپی/ڈالرز کے ارد گرد مستحکم رہی ہے اور آئی ایم ایف پروگرام کے نفاذ کے بعد مضبوط ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ، ٹی بلز تقریباً 16فیصد واپسی فراہم کر رہے ہیں جو ترقی یافتہ ممالک میں 5.5-6فیصد کے مقابلے میں عالمی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش بناتے ہیں۔پاکستان کی بلند شرح منافع اس کے باوجود برقرار ہے کہ مرکزی بینک نے جون 2024 کے بعد سے اپنی پالیسی ریٹ میں 4.5 فیصد پوائنٹس کی کٹوتی کی ہے، جس سے یہ 17.5فیصد ہو گئی ہے۔صرف تین بینک اے ڈی آر معیار پر پورا اترتے ہیں۔آئی ایم ایف پروگرام اور بلند شرح سود نے حکومتی فنانسنگ کی دستیابی میں اضافہ کیا ہے۔ نتیجتاً، حکومت نے مقامی بینکوں کو اپنے اندرونی قرضے کا ایک حصہ مقررہ وقت سے پہلے واپس کر دیا ہے، جس سے بینکوں کی لیکویڈیٹی میں اضافہ ہوا ہے۔پاکستان میں بہت سے بینک اب دسمبر 2024 تک ایڈوانسز ٹو ڈپازٹ ریشو (اے ڈی آر) کا ہدف 50فیصد پورا کرنے کے لئے کوشاں ہیں تاکہ اضافی 16فیصد ٹیکس سے بچ سکیں۔30 جون 2024 تک، 19 درج شدہ بینکوں میں سے صرف تین ط سامبا بینک ، فیصل بینک اور عسکری بینک کا مجموعی اے ڈی آر 50فیصد سے زیادہ ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ٹیکس سے بچنے کے لیے کچھ بینک حالیہ دنوں میں 4فیصد کی کم شرح (کائیبور مائنس 12فیصد) پر قرض دینا شروع کر چکے ہیں۔ایک حالیہ لین دین میں، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے بینکوں سے کائیبور (بینچ مارک لینڈنگ ریٹ) مائنس 11.9فیصد پر 360 ارب روپے کی فنانسنگ حاصل کی۔ اس وقتکائیبور تقریباً 16فیصد تھا، جس کے ساتھ ٹی سی پی نے مؤثر طور پر 4فیصد کی شرح سود پر فنانسنگ حاصل کی۔ایک حالیہ کارپوریٹ بریفنگ میں، بینکوں نے دسمبر 2024 تک 50فیصد اے ڈی آرہدف کو پورا کرنے کے اعتماد کا اظہار کیا۔ تاہم، ذرائع کے مطابق، بہت سے بینک اضافی ٹیکس کو 16فیصد کے بجائے 10فیصد تک کم کرنے کے لیے 40فیصد اے ڈی آر کا ہدف عبور کرنے کی کوشش کریں گے۔

اس پر پڑھیں قومی خبریں Header Banner