کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اکتوبر2024ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ اور سابق نگران صوبائی وزیرپنجاب ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت چیلنجز کے باجود بہتری کی جانب گامزن ہے،تونائی کی قیمتیں اور بلند شرح سود انڈسٹری،کاروبار کے فروغ اور معاشی بحالی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں،حکومت بجلی کی قیمت میں کمی اور شرح سود کو سنگل ڈیجٹ میں لانے کیلئے اقدامات کرے،ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم سے بزنس کمیونٹی نے آئی پی پیز معاہدوں کے حوالے سے بھرپور آوارز بلند کی جس کے مثبت اثرات مرتب ہونا شروع ہو گئے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار یو بی جی کی سینٹرل کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگومیں کیا۔اجلاس میں صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ،سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری،ممبر قومی اسمبلی مرزا اختیار بیگ،صدر یو بی جی سندھ خالد تواب،حنیف گوہر ،صدر یو بی جی بلوچستان انجینئر دارو خان،صدر یو بی جی کے پی عضنفر بلور،صدر یو بی جی آئی سی ٹی،گلگت بلتستان عبد الر ئوف عالم،نائب صدر ایف پی سی سی آئی اعجاز ذکی،مومن علی ملک،میاں زاہد حسین ، احمد چنائے ،عبد السمیع خان،میاں ظفر اقبال ،جوہر علی راکی ،حاجی افضل،جواد حسین کاظمی ،میاں اکرم فرید، احسن بختاوری سمیت ملک بھر سے سینٹرل کمیٹی کے ممبران شریک ہوئے۔
(جاری ہے)
ایس ایم تنویر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے یو بی جی کے اسٹرکچر،پاکستانی معیشت کو درپیش مسائل،آئی پی پیز ایشو پر گفتگو کی۔پاکستان کی بزنس کمیونٹی سمجھتی ہے کہ حکومتی کوششوں سے معیشت بہتر ہو رہی ہے مگر ابھی ہمیں بہت کام کرنے کی ضرورت ہے،ہم یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کے یہ اصلاحات کے نفاد کا یہ آخری موقع ہے،ہمیں طویل المدتی پالیسیوں کی تشکیل کے ذریعے بہتری کی طرف سفر کو تیز کرنا ہوگا، زراعت کے شعبے میں اصلاحات وقت کی ضرورت ہے،ہمیں پانی بچانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ فیڈ ریشن کے پلیٹ فارم نے ہم نے گزشتہ ایک سال میں بزنس کمیونٹی کی طرف سے ہر سطح پر بھرپور فعال کردار ادا کیا ہے،ہمارے جو بنیادی مسائل ہیں وہ سب کے علم میں ہیں،ملکی معیشت کیلئے دو سال ا ہم ہیں۔ ظفر بختاوی نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت سب سے زیادہ سیاسی استحکام کی ضرورت ہے،بزنس کمیونٹی کا مطالبہ ہے کہ اسلام آباد کو دھرنا فری شہر قرار دیا جائے،احتجاج کا جمہوری حق استعمال کرنے کیلئے جگہ مختص کی جانی چاہیئے۔اختیار بیگ نے کہا کہ آئی پی پیز کا معاملہ جس بہترین انداز میں بزنس کمیونٹی نے اٹھایا ہے اس کی مثال نہیں ملتی،حکومت کو یہ احساس دلایا گیا ہے کہ بزنس کمیونٹی کے بغیر آگے نہیں بڑھا جا سکتا ۔چیئرمین یو بی جی سندھ خالد تواب نے کہا کہ یو بی جی پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم ہے اورہر چھوٹا بڑا بزنس مین،تاجریو بی جی کی طرف دیکھتا ہے،ہم کاروبار کے فروغ اور پالیسی سازی کے حوالے سے اپنا رول متحرک طریقے سے ادا کریں گے ۔#