حافظ نعیم الرحمان کا انتخابات میں دھاندلی پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ

فیصل آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی پوری دنیا میں کوئی ساکھ نہیں، دھاندلی سے مسلط ہونے والے حکمرانوں کی کوئی عزت نہیں ہوتی، ہم نہیں کہتے کہ اس حکومت کو اٹھا کر پھینک دیں، سپریم جوڈیشل کمیشن بنے اور فارم 45 کے مطابق حکومت بنائی جائے، سپریم کورٹ موجودہ حالات میں عوام کو آئینی جمہوری حق دلائے۔

فیصل آباد ڈسٹرکٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوں میں سلیب سسٹم ختم کیا جائے، گھریلو، کمرشل، صنعتی ٹیرف کم کیا جائے، تنخواہ دار طبقہ اور اشیائے خورونوش پر عائد ناجائز ٹیکسز واپس لیے جائیں، عوام کا حق مانگتے ہیں بھیک نہیں، حکمران سیاسی اشرافیہ کی بے جا مراعات ختم ہونی چاہییں،سوشل میڈیا پر پابندی مسائل کا حل نہیں، ادارے آئین پر عملدرآمد کریں گے تو ملک آگے بڑھے گا، موجودہ دور میں نوجوانوں کی آواز کو نہیں دبایا جاسکتا، ہمیں یہاں رہنا ہے اور پوری عزت سے رہنا ہے۔

ان مزید کہنا تھا کہ آئی پی پیز کا دھندہ مزید نہیں چلے گا، عوام ظالموں سے اپنا حق چھین کر لیں گے، 26جولائی کا اسلام آباد دھرنا پرامن ہوگا، احتجاج ہمارا آئینی، جمہوری اور سیاسی حق ہے، پرامن سیاسی مزاحمت پر یقین رکھتے ہیں، وکلا، مزدوروں، کسانوں، طلبہ سمیت ہر طبقہ ہائے فکر سے اپیل کرتا ہوں اپنے حق کے لیے نکلیں اور ہمارا ساتھ دیں۔

اس پر پڑھیں پاکستانی سیاست Header Banner