اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)حکومت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کو ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔
ایف بی آر نے حکومتی فیصلے کی روشنی میں سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کو جرمانہ ادا کرکے چھڑانے کا آپشن ختم کردیا۔
ایف بی آر حکام کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے انسداد سمگلنگ کےلیے تمام سرکاری اداروں کو سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حکام کے مطابق سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کی ضبطگی کےلیے ایس آر او میں ترمیم کردی گئی، ماضی میں سمگلنگ میں استعمال گاڑیاں جرمانہ ادا کرکے چھڑالی جاتی تھیں۔
ایف بی آر حکام کے مطابق ایس آر او میں ترمیم انسداد سمگلنگ کےلیے حکومت کے پختہ عزم کی عکاس ہے، سمگلنگ کی وجہ سے ملک کی معیشت متاثر ہو رہی ہے۔
حکام کے مطابق حالیہ ترمیم اُن اقدامات کا حصہ ہے جو ملکی معیشت کے تحفظ کےلیے کیے جا رہے ہیں۔