کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2024ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے رنگا رنگ 38روزہ ”ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی“ جاری ہے، فیسٹیول کے 14 ویں روز بین الاقوامی کامیڈی تھیٹر ”Circle Mirror Transformation“ پیش کیا گیا، ڈرامہ اسپین کی بلیو بک تھیٹر کمپنی کی جانب سے پیش کیاگیا جس کی مصنفہ پلیٹزر انعام یافتہ اینی بیکرز اور ڈائریکٹر بی جے ایونزتھیں جبکہ تھیٹر کی کاسٹ میں مارٹی( سوفی ہائیڈیکر اور ایریکا لارین وائز)، لارین (حنا ڈی بیلا )، تھریسا(سارہ ہیلن ڈیلامور)، شلٹز (کرسٹوفر کیلی)، جیمز(ایلکس لیو) شامل تھے، شائقین کی بڑی تعداد اسپین سے آئے ہوئے فنکاروں کی پرفارمنس سے محظوظ ہوئے اور تالیاں بجا کر فنکاروں کو خوب داد دی۔
(جاری ہے)
ڈرامہ انگریزی زبان میں پیش کیاگیا جس کا دورانیہ 90منٹ تھا، سرکل میرر ٹرانسفارمیشن نامی یہ ڈرامہ تخلیقی صلاحیتوں کی پوشیدہ اور حیران کن طاقت کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، ایک ہنستا مسکراتا شوہر، ایک چلبلی سابقہ اداکارہ، ایک بگڑی ہوئی 16 سالہ لڑکی، اور ایک طلاق یافتہ کارپینٹر چھ ہفتوں کے لیے مارٹی کمیونٹی سینٹر اداکاری کے کورس میں شامل ہوتے ہیں، بظاہر یہ لوگ معصوم کھیل کھیلنا شروع کرتے ہیں مگر ان چھوٹے چھوٹے کھیلوں کے دوران بڑے تنازعات جنم لیتے ہیں جس کی وجہ سے ان لوگوں کے دل خاموشی سے ٹوٹتے جاتے ہیں، یہ پلیٹزر انعام یافتہ مصنفہ اداکاری کے فن کی باریکیوں کو اجاگر کرتی ہے اور تخلیقی عمل کی اُن جہتوں کو سامنے لاتی ہے جن کی بدولت ایک اداکار مختلف جذبات کو اس انداز سے پیش کرتا ہے کہ وہ اسٹیج پر حقیقت کے قریب نظر آتے ہیں”نیویارک ٹائمز“ کے مطابق اس ڈرامے کو ”دلچسپ، حقیقت پسند اور بے حد مزاحیہ“ قرار دیا ہے۔