لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اکتوبر2024ء) پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شان شاہد نے کہا ہے کہ اسکرین پر ریما خان اور ان کی جوڑی کو بہت پسند کیا جاتا تھا۔حال ہی میں شان شاہد نے نجی ٹی وی چینل کو خصوصی انٹرویو دیا جس میں میزبان نے اداکار سے سوال کیا کہ کیا آپ نے کبھی ریما خان سے شادی کے بارے میں سوچا تھا اس سوال کے جواب میں شان شاہد نے کہا کہ میں نے کبھی بھی ایسا نہیں سوچا تھا، میں 16 سال کی عمر میں پہلی بار ریما خان سے ملا تھا، ہم نے اپنے کیریئر کا آغاز فلم بلندی کے ذریعے کیا تھا، اس وقت ہم دونوں ہی نوعمری میں تھے۔شان شاہد نے کہا کہ آپ اتنی کم عمر میں صرف نئے لوگوں سے ملتے ہیں، آپ دنیا کو تلاش کرتے ہیں، آپ کام پر توجہ دیتے ہیں لیکن آپ شادی کے بارے میں نہیں سوچتے۔
(جاری ہے)
اداکار نے کہا کہ شادی کے بارے میں سوچنے کے لیے ایک خاص عمر ہوتی ہے اور میں نے ریما خان سے شادی کے بارے میں کبھی سوچا ہی نہیں تھا کیونکہ ہم بہت اچھے دوست ہیں۔انہوں نے کہا کہ مداح ہمیں اسکرین پر ساتھ دیکھتے ہیں تو وہ اپنے ذہنوں میں یہی بٹھا لیتے ہیں کہ یہ حقیقی دنیا میں بھی ساتھ ہوں کیونکہ ہم اسکرین پر رومانس کرتے ہیں، ایک دوسرے سے محبت کا اظہار کرتے ہیں۔
شان شاہد نے کہا کہ میں ریما خان کو پاکستان واپس آنے اور کام شروع کرنے کا پیغام دینا چاہتا ہوں، وہ اتنی دور کیوں چلی گئیں اور مجھے نہیں معلوم کہ ریما نے کیسے فیصلہ کیا کہ وہ اب ریٹائر ہو چکی ہیں، وہ ایک شاندار اداکارہ ہیں اور انہیں کام کرنا چاہیے۔اداکار نے مزید کہا کہ جن لوگوں کو اداکاری کا جنون ہے وہ زیادہ کام کریں اور ہر عمر کے لیے کردار ہوتے ہیں، ریما کو پاکستان واپس آنا چاہیے کیونکہ انڈسٹری کو ان کی ضرورت ہے۔