86 سالہ رتن ٹاٹا تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیے گئے تھے، وہ مشہور زمانہ ٹاٹا گروپ کے سابق چئیرمین تھے
ممبئی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر 2023ء ) معروف بھارتی صنعت کار رتن ٹاٹا انتقال کر گئے، 86 سالہ رتن ٹاٹا تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیے گئے تھے، وہ مشہور زمانہ ٹاٹا گروپ کے سابق چئیرمین تھے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کے عالمی شہرت یافتہ صنعت کار رتن ٹاٹا طویل علالت کے باعث بدھ کے روز ممبئی کے ہسپتال میں دوران علاج انتقال کر گئے۔ رتن ٹاٹا بھارت کے شہر ممبئی کے ایک ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل تھے، انہیں پیر کے روز تشویش ناک طبی حالت کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ طبی حالت تشویش ناک ہونے کے باعث ڈاکٹرز کی جانب سے رتن ٹاٹا کو فوری ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کر دیا گیا تھا، جہاں وہ 3 دن زیر علاج رہنے کے بعد بدھ کے روز چل بسے۔
(جاری ہے)
رتن ٹاٹا کے انتقال پر دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات بھجوانے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ رتن ٹاٹا بھارت کے عالمی شہرت یافتہ صنعت کار تھے جنہوں نے بھارت کی صنعتی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ رتن ٹاٹا ایک صنعت کار ہونے کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہے، انہوں نے اپنی دولت کا بیشتر حصہ فلاحی کاموں کیلئے مختص کر دیا تھا۔ رتن ٹاٹا نے بطور چئیرمین ٹاٹا گروپ کو کامیابی کی نئی بلندیوں پر پہنچایا۔ وہ 1991 سے 2012 تک ٹاٹا گروپ کے چئیرمین رہے، 2012 میں ٹاٹا گروپ کے چیئرمین کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد رتن ٹاٹا کو ٹاٹا گروپ کی کمپنیوں ٹاٹا سنز، ٹاٹا انڈسٹریز، ٹاٹا موٹرز، ٹاٹا اسٹیل اور ٹاٹا کیمیکلز کا چیئرمین ایمیریٹس بنایا گیا تھا۔ رتن ٹاٹا نے ٹاٹا گروپ کو وسعت دیتے ہوئے کئی شعبوں میں بھی کاروبار کا آغاز کیا اور یوں ٹاٹا گروپ کی مالیت میں اربوں ڈالرز کا اضافہ ہوا۔ 2024 تک ٹاٹا گروپ کی مجموعی مالیت 365 ارب ڈالر سے بھی زیادہ ہو چکی، جبکہ گروپ نے صرف ایک سال میں 165 ارب ڈالرز سے زائد کی کمائی کی۔متعلقہ عنوان :