لاہور (پ ر)پاکستان کے نمایاں کوہ پیما شہروزکاشف نے8027میٹرز بلند شیشاپنگما چوٹی سر کرکے دنیا کی تمام14بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والے سب سے کم عمر ترین پاکستانی کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔شہروز کاشف نے محض22سال کی عمر میں یہ کارنامہ سر انجام دے کر پاکستان کا نام روشن کیا ہے بلکہ تاریخ میں اپنا نا م رقم کروانے میں بھی کامیاب ہوئے ہیں۔اپنی اس کامیابی کے حوالے سے شہروز کاشف کا کہنا ہے کہ ”یہ یقینی طور پر ایک مشکل اور چیلنجنگ کام تھا،تاہم میں نے ہمت نہ ہاری اور بالاآخر اللہ تعالیٰ کی مہربانی اور بلقیس اینڈ عبدالرازق دادؤ فاؤنڈیشن کی معاونت کے باعث یہ کارنامہ سرانجام دینے میں کامیاب رہا۔بلقیس اینڈ عبدالرازق دادؤ فاؤنڈیشن نے شہروز کاشف کی ان کے کیریئر کے آغاز سے ہی بھرپور معاونت کی ہے،اور انہیں مالی تعاون کے ساتھ ساتھ کوہ پیمائی میں استعمال ہونے والا ساز وسامان بھی فراہم کیا۔شہروز کاشف نے محض11سال کی کوہ پیمائی کے سفر کا آغاز کیا اور 19سال کی عمر میں 8849میٹرز بلند دنیا کی سب سے اونچی چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے سب سے کم عمر ترین کوہ پیما بن گئے۔ شہروز کاشف اب تک 8ہزار میٹرز سے بلند کے ٹو،کنگچن چنگا،ماؤنٹ لوٹسے،گیشر برم ون،گیشربرم ٹو،نانگا پربت،چواویوسر کرچکے ہیں۔شہروز کاشف گزشتہ برس اکتوبر میں تبت کی شیشا پنگما سر کرنے کے دوران برفانی تودہ گرنے کے باعث اس چوٹی کو سر کرنے میں ناکام رہے تھا،تاہم اب وہ یہ کارنامہ سر انجام دینے میں کامیاب رہے۔بلقیس اینڈ عبدلرزاق داؤد فاؤنڈیشن کے روح رواں عبدالرزاق داؤد اورمہرین داؤد نے شہروز کاشف کی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کردیا ہے،ان کی کامیابیاں نوجوان پاکستانی کوہ پیماؤں کیلئے مشعل راہ ہیں۔
اور بلقیس اینڈ عبدلرزاق داؤد فاؤنڈیشن ان کے کیریئر میں آگے بھی ان کی معاونت اور تعاون کرتی رہے گی۔