لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ”بیداری“کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر عنبرین عجائب کی سربراہی میں 36 طالبات پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔وزیر اعلیٰ نے ملاقات میں سپیشل طالبہ کو اپنے قریب بٹھایا اور اظہار شفقت کیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر عنبرین عجائب نے ”بیداری“ کی خدمات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور طالبات نے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا۔وزیر اعلیٰ نے طالبات کے ساتھ اظہار شفقت کیا اور بچیوں سے سکولوں کے بارے میں دریافت کیا۔ ملاقات میں گرلز سکولوں میں ہراسانی کے سدباب کیلئے خصوصی کمیٹیاں بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر پنجاب کے سکولوں میں گرلز کا عالمی دن منانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے طالبات کی خواہش پر ٹیب اور ای بائیکس دینے کا اعلان کیا اور وویمن ورچوئل سٹیشن، پینک بٹن اور سیفٹی ایپ کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے شرکاء کو سی ایم سکول میل پروگرام کی تفصیلات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے طلباء کے لیے سکالر شپ لیپ ٹاپ، ای بائیکس سمیت دیگر پراجیکٹس لا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے طالبات کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ طالبات نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ بہت اچھا کام کر رہی ہیں، اللّہ تعالیٰ آپکو مزید کامیابیوں سے نوازے۔ وزیر اعلیٰ نے بیداری وفد کے ہمراہ طالبات کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔
ملاقات میں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری،ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔