پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مفاہمت کی 27 یادداشتوں پر دستخط ہوگئے

سعودی سرمایہ کار وفد کے دورے میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مفاہمت کی 27 یادداشتوں پر دستخط ہوگئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا، تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ معاہدوں پر عمل درآمد کیلئے تمام اقدامات یقینی بنائیں گے، دونوں ملکوں کے درمیان مستقبل میں اقتصادی روابط اور تعاون مزید بڑھے گا۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر سرمایہ کاری، خالد بن عبدالعزیز الفالح نے ملاقات کی، ملاقات میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وفاقی وزراء بھی شریک ہوئے۔

وزیراعظم نے سعودی وزیر سرمایہ کاری اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات ہیں، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ سعودی وزیر کا دورہ سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات مضبوط بنانے کیلئے اہم سنگ میل ہے، ایس آئی ایف سی غیر ملکی سرمایہ کاری تیز کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے سعودی وزیر سرمایہ کاری کو ہلال پاکستان ایوارڈ ملنے پر مبارک باد دی، وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی وزیر کو حکومت کے نجکاری پروگرام سے آگاہ کیا، سعودی وزیر کو پاکستان کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

شہباز شریف نے کہا کہ سعودی وژن 2030 کی حمایت سمیت دفاعی تعلقات مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں، پاکستانی تارکین وطن دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

اس موقع پر سعودی وزیر نے کہا کہ سعودی عرب معاشی استحکام میں پاکستان کی مدد کرنا چاہتا ہے، دونوں ملکوں کو کسی معاہدے کی ضرورت نہیں، ہم دوست نہيں ایک خاندان ہیں۔

ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری کو اہم قرار دیتے ہوئے سعودی وزیر نے کہا  کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سعودی عرب کے لیے ریڈ ٹیپ کو ریڈ کارپٹ سے بدلنے پر زور دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج جن27 مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہورہے ہیں یہ سفرکا محض ایک آغاز ہے۔

 سعودی وزیر کی سربراہی میں مہمان وفد نے صدر آصف زرداری سے بھی ملاقات کی، معیشت، زراعت، کان کنی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مہمان وفد نے آرمی چیف سے بھی ملاقات کی، جنرل عاصم منیر نے شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان کے لیے غیر متزلزل حمایت پر شکریہ اداکیا اور کہا کہ بڑے تجارتی وفد کا دورہ پاک سعودی پائیدار اور برادرانہ تعلقات کی تصدیق کرتا ہے۔

اس پر پڑھیں قومی خبریں Header Banner