اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)قائداعظم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں طلباء کے 2 گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں متعدد طلباء زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے جبکہ انتظامیہ نے بوائز ہاسٹل خالی کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں2گروپوں پختون کونسل اور پنجاب سٹوڈنٹس کونسل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں متعدد طلباء زخمی ہوئے اور یہ تصادم یونیورسٹی کے ہاسٹل میں ہوا۔زخمیوں کو پمز ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ایک طالب علم کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے.
طلباء کے گروپس کے درمیان تصادم کے دوران ایک ہاسٹل میں طلباء تنظیم کی جانب سے آگ بھی لگائی گئی ہے اورطلبا ءکی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی قائداعظم یونیورسٹی میں موجود ہے۔
دوسری جانب یونیورسٹی انتظامیہ نے بوائز ہاسٹلز خالی کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے تاہم انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہی کانفرنس کے باعث بوائز ہاسٹلز خالی کروائے جارہے ہیں۔