لاہور(سپورٹس رپورٹر)ملتان ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف ریکارڈز کے انبار لگا دیئے۔انگلینڈ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں 800 سکور کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ہے۔
انگلینڈ نے 20 سال قبل بنایا گیا بھارت کا 675 رنز کا ریکارڑ توڑ دیا جس میں بھارت نے 2004 میں ملتان ٹیسٹ میں 5 وکٹ پر 675 رنز بنائے تھے۔ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں صرف چوتھی بار اننگز میں 800 سے زائد رنز بنے ہیں، اننگز میں 800 سے زائد رنز بنانے کا اس سے قبل آخری کارنامہ سری لنکا کا تھا، سری لنکا نے 1997 میں انڈیا کے خلاف 952 رنز بنائے تھے۔انگلینڈ نے 1938 میں آسٹریلیا کے خلاف 903 اور 1930 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 849 رنز بنائے تھے، تاریخ میں 800 سے زائد کے چار ٹوٹل میں سے تین انگلینڈ کے ہیں۔اس سے قبل 1958 میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف 3 وکٹوں کے نقصان پر 790 سکور بنایا تھا۔