اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) انسداد دہشتگردی عدالت نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت کےجج طاہر عباس سپرا نے ڈی چوک میں احتجاج پر درج مقدمے کی سماعت کی،بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی جانب سے ایڈووکیٹ عثمان گل اور نیاز اللہ نیازی پیش ہوئے۔جج نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا 7 دن میں کیا ریکوری کی ، ریمانڈ کیوں چاہیے؟ جس پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ جو پلاننگ ہوئی اس کے محرکات تک پہنچنا ہے ،دھماکہ خیز مواد کے بارے میں تحقیقات کرنی ہیں۔ جج نے کہا کہ جب ریمانڈ لینے آئیں گے تو ایک ایک گھنٹے کا حساب دینا ہو گا ، بعد ازاں عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔