لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2024ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے گجرات کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر آفس میں مختلف اہم اجلاسوں کی صدارت کی۔ ان میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی اور سالانہ ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس شامل تھا۔ ان اجلاسوں میں مہنگائی کنٹرول، ترقیاتی منصوبوں کی رفتار، اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہم اقدامات پر غور کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک، ڈی پی او مستنصر عطا باجوہ، وائس چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی ارقم چیمہ، اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی افسران اور مارکیٹوں کے صدور نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر صنعت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے حکومت تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔
(جاری ہے)
انہوں نے کہا کہ اشیا خوردونوش کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے، اور روزانہ کی بنیاد پر بازاروں میں قیمتوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
ڈی پی او مستنصر عطا باجوہ نے اجلاس کو سکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ دی اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے پرائس کنٹرول میکانزم کے حوالے سے بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ خصوصی ٹیمیں روزانہ بازاروں کا دورہ کرکے قیمتوں کو مانیٹر کر رہی ہے،صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں ضلع گجرات کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ جاری ترقیاتی اسکیموں پر 7469 ملین روپے لاگت آئے گی۔ چوہدری شافع حسین نے متعلقہ افسران کو منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایات دیں اور کہا کہ میگا پراجیکٹس جیسے سروس موڑ فلائی اوور اور کھاریاں ڈنگہ روڈ جیسے منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور فنڈز کے صحیح استعمال کو یقینی بنایا جائے۔وزیر صنعت چوہدری شافع حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی بہبود کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے ضلع گجرات کے سیوریج نظام کی اپ گریڈیشن کو بھی ترجیحات میں شامل قرار دیا اور بتایا کہ حکومت نکاسی آب کے مسائل کے مستقل حل کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر تمام منصوبوں کی بروقت اور شفاف تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت شفافیت کے اصولوں پر سختی سے عمل پیرا ہے اور عوامی منصوبوں میں کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں ان منصوبوں کا مقصد عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے اور حکومت ترقیاتی رفتار کو مزید تیز کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت پنجاب، چوہدری شافع حسین نے اراکین اسمبلی کے ہمراہ گجرات کے ڈپٹی کمشنر آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گجرات میں جاری ترقیاتی سکیموں کو تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات بہت جلد عوام کے سامنے آئیں گے اور گجرات کی ترقی کے لیے نئی سکیموں کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے۔چوہدری شافع حسین نے مزید کہا کہ گجرات ڈویژن کی بحالی جلد مکمل کر لی جائے گی، جس سے خطے کی ترقی میں مزید تیزی آئے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان مسلم لیگ ق ہمیشہ ملک اور آئین کی بہتری کے لیے کام کرتی رہی ہے اور مستقبل میں بھی یہی جماعت عوامی خدمت کو اولین ترجیح دے گی۔صوبائی وزیر نے جوڈیشل ریفارمز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے جوڈیشل ریفارمز ضروری ہیں۔ انہوں نے ججوں کی نئی بھرتیوں اور آئین میں ترمیم کی اہمیت پر زور دیا تاکہ عدلیہ کے نظام کو مزید موثر بنایا جا سکے۔چوہدری شافع حسین نے ملک کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جب پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے تو کچھ عناصر کو ڈی چوک کی یاد ستانے لگتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کو شاید ترقی کرتا ہوا پاکستان پسند نہیں ہے، لیکن حکومت ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے پرعزم ہے اور کسی کو اس راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔