لاہور(سپورٹس رپورٹر)ہانگ کانگ ورلڈ سپر سکسز ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 3 نومبر 2024 کو مدمقابل آئیں گی۔ ٹورنامنٹ یکم سے 3 نومبر تک ہانگ کانگ کے کولون کرکٹ کلب میں کھیلا جائے گا، جس میں 12 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ٹیموں کو 4 پولز میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر پول میں 3 ٹیمیں شامل ہیں، ہر گروپ کی ٹاپ 2 ٹیمز کواٹر فائنل میں کھیلیں گی اور جیتنے والی ٹیمیں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کریں گی۔تین روز کے دوران 29 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ قابل ذکر بات یہ ہے کہ عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر آخری دن خواتین کا نمائشی میچ بھی منعقد ہوگا۔دفاعی چیمپئین جنوبی افریقا ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کرے گا جس نے سال 2017 کے فائنل میں پاکستان کو شکست دی تھی۔ٹورنامنٹ میں رواتیی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں یکم نومبر کو صبح 11:30 مدمقابل آئیں گی۔پاکستان نے 1993 میں ٹورنامنٹ کے آغاز سے لے کر اب تک یہ ٹورنامنٹ 4 مرتبہ جیتا ہے جبکہ وہ 5 بار ایونٹ کا رنر اَپ رہا ہے جس میں 2017 میں منعقدہ آخری ایڈیشن کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرنا بھی شامل ہے۔