ٹوبہ ٹیک سنگھ (ویب ڈیسک) معروف گلوکارہ نصیبو لال کے گانے اکثر مہندی و شادی بیاہ کی تقریبات میں چلائے جاتے ہیں جن پر لوگ رقص کر کے محظوظ ہوتے ہیں لیکن ایک معاملہ رپورٹ ہو رہا ہے جس میں شادی میں نصیبو لال کا گانا چلانا مہنگا پڑ گیا ۔
نجی ٹی وی آج نیو زکے مطابق پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں رواں ہفتے منگل کو مہندی کی ایک تقریب میں نصیبو لال کا گانا ساؤنڈ سسٹم پر تیز آواز میں لگایا گیا۔ جس پر پولیس کو شکایت موصول ہوئی ،اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے گانے کے بول فحش ہونے پر مقدمہ درج کر لیا گیا ۔اس حوالے سے تھانے میں ایک اہلکار نے کھل کر بتایا کہ ایف آئی آر میں گانے کے بول تک درج تھے۔
مقدمے کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے قادر ٹاؤن پیر محل میں مہندی کی تقریب میں نصیبو لال کا گانا چلا اور لوگوں نے ڈانس کیا جس پر ایک علاقہ مکین نے پولیس کو کال کرلی۔پولیس کی جانب سے موقع پر پہنچ کر ایک شخص کو گرفتار کیا گیا اور ایف آئی آر کے مطابق یہ مقدمہ دو دفعات کی بنیاد پر درج کیا گیا۔ ایک دی پنجاب ساؤنڈ سسٹمز (ریگولیشن) ایکٹ 2015 کی شق 6 اور دوسری پنجاب میرج فنکشنز ایکٹ 2016 شق تھری ای تھی۔
بتایا گیا کہ تھانہ پیر محل کے اہلکار سے جب ایف آئی آر اور اس میں درج گانے کے بول کے بارے میں پوچھا گیا تو وہ ہنسنے لگے اور نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر کہا کہ اس جپھی نے ہمیں مشکل میں ڈال دیا ہے۔بعد ازاں اگلے روز جب گرفتار ملزم کو مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا تو جج نے یہ کہہ کر معاملہ نپٹا دیا کہ عدالت میں اور بھی کئی کیسز پڑے ہیں، کوئی اگر لطف انداز ہورہا ہے تو اسے ہونے دو۔ لڑکے ناچ ہی رہے تھے اور کیا کر رہے تھے۔
ان کے مطابق یہ کہہ کر انھوں نے ملزم کو تو بری کر دیا لیکن ہمیں پچھلے دو تین روز سے ہر جگہ سے کالز آ رہی ہیں۔مذکورہ گانا فلم ’کالا گجر‘ میں فلمایا گیا تھا جس میں اداکار معمر رانا اور ثنا نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔