فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2024ء) بصارت سے محروم نابینا افراد کا عالمی یوم تحفظ سفید چھڑی(ورلڈ وائٹ کین سیفٹی ڈے) کل 15اکتوبربروزمنگل کو اس عزم کے ساتھ منایا جائے گا کہ یہ افراد بھی ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں لہٰذا انہیں نظر انداز کرنے کی بجائے ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کر کے عام افراد کے شانہ بشانہ زندگی کی دوڑ میں شامل کرنے کے مواقع فراہم کئے جائیں۔گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان رؤف خالد نے اے پی پی کو بتایا کہ بصارت سے محروم افراد کے عالمی دن کے حوالے سے خصوصی پروگرامز ترتیب دئیے گئے ہیں جن میں سیمینارز اور آگاہی واکس شامل ہیں۔انہوں نے بتایاکہ بے بصر افراد اس رنگ و بو کی دنیا کو نہیں دیکھ سکتے مگر حقیقت میں وہ بصیرت کی دولت سے مالا مال ہیں۔
(جاری ہے)
انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ نے1964میں نابینا افراد کے حقوق کے تحفظ کا بل منظور کرتے ہوئے ہر سال 15 اکتوبر کو سفید چھڑی کے تحفظ کا عالمی دن منانے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں خصوصی بچوں کی تعلیم وتربیت کیلئے گورنمنٹ اور این جی اوز کے تحت تقریباً 250 ادارے خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ حکومت پنجاب اس سلسلہ میں مزید بہتر اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ خصوصی بچوں کومراکز میں مفت داخلہ وتعلیم وتربیت،کتب،یونیفارم کے علاوہ ماہانہ وظیفہ اور فری ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ اعلی تعلیم کیلئے لاہور اور بہاولپور میں گورنمنٹ ڈگری کالج آف سپیشل ایجوکیشن قائم کئے گئے ہیں اور لاہور ہی میں نابینا طلبہ کے اساتذہ کیلئے کالج ڈپلومہ اور پوسٹ گریجوایٹ سطح کے کورسز کروائے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ لاہور وبہاولپور میں جدید بریل پرنٹنگ پریس بھی قائم کئے جائیں گے۔متعلقہ عنوان :