گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2024ء) سینیٹری سیوریج سسٹم گلگت سٹی کی کوآرڈینیشنز کمیٹی کا تیسرا اجلاس ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈویلپمنٹ گلگت بلتستان کیپٹن (ر)مشتاق احمد کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے عباس علی خان اور پراجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر شفقت حسین نے پراجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر اس میگا منصوبے کے کام میں سست رفتاری پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈویلپمنٹ نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔
(جاری ہے)
اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے سختی سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کنٹریکٹر 15 دنوں میں پراپر لیبر ڈپلائی کر کے پراگریس میں تیزی لائے تاکہ عوام کی آمدورفت میں جو مسائل ہیں ان میں کمی واقع ہو اور عوامی نوعیت کے اس اہم پراجیکٹ کو بروقت مکمل کیا جا سکے،بصورت دیگر کنٹریکٹ ایگریمنٹ کے مطابق قانونی کارروائی کی جائے گی اور پراجیکٹ ڈائریکٹر روزانہ کی بنیاد پر پراگریس کو مانیٹر کرے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے عباس علی خان و دیگر افسران اور این ایل سی حکام سمیت تمام سٹیک ہولڈرز موجود تھے۔