پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف میزبان و اداکارہ ندا یاسر نے اپنی بیٹی کے سوشل میڈیا سے دور رہنے کی وجہ بتا دی۔
حال ہی میں ندا یاسر نے نجی ٹی وی پر اپنے مارننگ شو میں پینل ڈسکشن کے دوران اپنی 15 سال سے بڑی عمر کی بیٹی کے لیے بنائے گئے اصول و ضوابط کے بارے میں بات کی۔
اس پینل ڈسکشن کے دوران شرکاء میں موجود ایک خاتون نے اپنا مسئلہ بتاتے ہوئے کہا کہ میری بیٹی کو ریلز بنانے کا بہت شوق ہے اور وہ سوشل میڈیا کا اتنا زیادہ استعمال کرتی ہے کہ اب اس کی پڑھائی پر بھی توجہ نہیں رہی اور اگر اسے منع کرو تو بدتمیزی کرنے لگتی ہے۔
ندا یاسر نے خاتون کی بات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میری بیٹی کی عمر 15 سال سے زیادہ ہو گئی ہے لیکن ابھی تک اسے اپنے والد کی جانب سے انسٹاگرام ریلز بنانے کی اجازت نہیں ہے حالانکہ ہم لوگوں کا شوبز انڈسٹری سے تعلق ہے اور عموماً یہ خیال کیا جاتا ہے کہ اس انڈسٹری کے لوگ لبرل ہوتے ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ ہم لوگ شوبز انڈسٹری سے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی ہم نے اپنی بیٹی کو اس طرح سوشل میڈیا استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی۔
ندا یاسر نے خاتون کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کو چھوٹی عمر میں زیادہ آزادی نہیں دینی چاہیے، ان پر کچھ پابندیاں عائد کرنا ضروری ہوتا ہے اور آپ کی بیٹی ابھی صرف 15 سال کی ہے، ابھی آپ کو اسے ان سب چیزوں کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔
اُنہوں نے خاتون سے یہ بھی کہا کہ آپ اپنے شوہر سے کہیں کہ وہ بیٹی پر تھوڑی سختی کریں، ایسے صورتِ حال میں بچوں پر ہمیشہ والد کی سختی کی ضرورت پڑتی ہے۔