لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )لاہور یوتھ فیسٹیول کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، پہلے مرحلے میں فیسٹیول کے لوگو نے8 روز میں 26 تعلیمی اداروں کا ٹور مکمل کر لیا۔ ہزاروں طلباء نے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ لاہور یوتھ فیسٹیول کی تیاریوں کا پہلا مرحلہ "لوگو ٹور" 26 تعلیمی اداروں میں آگاہی فراہم کرتا ہوا آج اختتام پذیرہو گیا۔
لاہور یوتھ فیسٹیول کی تیاریوں کے پہلے مرحلے کے اختتامی روز لاہور یوتھ فیسٹیول کا لوگو اور فلوٹ ڈی پی ایس پہنچا جہاں طلباء کی بڑی تعداد نے اسے خوش آمدید کہا۔ گزشتہ 8 دنوں میں لاہور یوتھ فیسٹیول کے فلوٹ نے 26 تعلیمی اداروں کا دورہ کیا اور لوگو کی رونمائی کے علاوہ وہاں طلبا ءوطالبات کو اس فیسٹیول کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔طلبا ءو طالبات کی جانب سے لاہور یوتھ فیسٹول کے انعقاد کو نہ صرف سراہا گیا بلکہ جوش و خروش سے اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے اس میں شرکت کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
لاہور یوتھ فیسٹیول کے تحت منعقد ہونے والے مختلف نوعیت کے مقابلوں میں شرکت کے لیے طلباء و طالبات کے ٹرائل 21 اکتوبر سے شروع ہوںگے۔