18 اکتوبر ، 2024
بھارتی اداکارہ اور ڈانسر ملائیکا اروڑا نے اعتراف کیا ہے کہ اُن کے تعلقات ٹرولنگ سے متاثر ہوئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملائیکا اروڑا نے اعتراف کے ساتھ ہی یہ بھی بتایا کہ وہ اس سے نمٹنے کےلیے کیا طریقہ کار اپناتی ہیں۔
مشہور شخصیات کی زندگی، ان کے رشتوں اور گپ شپ کے بارے میں اکثر لوگ تجسس کا شکار رہتے ہیں، یہ دلچسپی اس وقت مسئلہ بن جاتی ہے جبکہ میڈیا ضرورت سے زیادہ مداخلت کرتا ہے، ان کی آن لائن ٹرولنگ ہوتی ہے۔
اداکارہ و ڈانسر 1997ء میں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے وابستہ ہیں، ان کی ذاتی زندگی اور ان کے تعلقات اکثر میڈیا کی زینت بنتے ہیں، بعض اوقات ان کی زندگی پر ہونے والی ٹرولنگ اور تنقید گہرا اثر رکھتی ہے۔
اپنے حالیہ انٹرویو میں ملائیکا اروڑا نے بتایا کہ میں نے اس نوعیت کے اقدامات سے نمٹنے کی حکمت عملی تیار کرلی ہے، خود کو مضبوط بنایا جائے، خود کو کنٹرول میں رکھا جائے، کسی کو بھی اپنے آپ کو نیچے گرانے کی اجازت نہ دی جائے یہی چیزیں میرے لیے بہترین ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی ٹرولنگ یا تنقید ہوتی ہے تو وہ اس دوران اپنی زندگی کے مثبت پہلوؤں پر توجہ مرکوز رکھتی ہیں اور خود سے متعلق جاری منفی باتوں سے دور رہتی ہیں۔
ملائیکا اروڑا نے یہ بھی تسلیم کیا کہ مشہور شخصیت ہونے کی وجہ سے میڈیا کی توجہ اور تنقید زندگی کا حصہ ہے، اسی لیے وہ تعلقات سے متعلق خبروں، تنقید اور ٹرولنگ کے شور سے خود کو دور رکھتی ہیں۔
ملائیکا اروڑا کی ارباز خان کے ساتھ شادی شدہ زندگی کا اختتام 2017ء میں ہوا تھا، انہیں اس فیصلے پر اور اس کے بعد ارجن کپور سے تعلقات پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔