راولپنڈی اور سوہاوہ میں ریپ کے 4 مقدمات درج

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2024ء) پولیس نے پنجاب کے ضلع جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ریپ کے 3 مقدمات درج کیے ہیں جبکہ ایک کیس راولپنڈی ڈویژن سے رپورٹ ہوا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں سول لائنز پولیس میں درج مقدمے میں خاتون نے ایک وکیل پر ضلعی عدالت کے احاطے میں ریپ کرنے کا الزام عائد کیا۔ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون نے بتایا کہ 2023 میں اس کے سابق شوہر نے تشدد کے بعد اسے گھر سے نکال دیا تھا جس کے بعد سابق شوہر سے اخراجات کے حصول کے لیے درخواست دائر کرنے ضلعی عدالت گئی جہاں ان کی مشتبہ شخص سے ہوئی جس نے اس کی شکایت عدالت میں درج کروائی۔مقدمہ کے متن کے مطابق متاثرہ خاتون نے بتایا کہ وکیل نے انہیں کیس کے سلسلے میں عدالت بلایا، جس کے بعد وہ ضلعی عدالت پہنچی تو وکیل انہیں اپنے چیمبر میں لے گیا جہاں اس نے دروازہ بند کردیا اور منع کرنے کے باوجود میرا ریپ کیا۔

(جاری ہے)

خاتون کے مطابق وکیل نے ان سے کہا کہ سابق شوہر سے طلاق کے بعد وہ مجھ سے شادی کرلیں گے، اس سلسلے میں وہ مجھے متعدد مقامات پر لے جاتا رہا اور میرا ریپ کرتا رہا تاہم اس نے مجھ سے شادی نہیں کی البتہ مجھے دھمکیاں دیتا رہا۔

سوہاوہ پولیس اسٹیشن میں ریپ کے 3 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔پہلے مقدمے میں 33 سالہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنی 10 سالہ بیٹی کی ہمراہ سوہاوہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں جی ٹی روڈ کے قریب ایک ہوٹل میں مالی مدد کے سلسلے میں گئیں جس پر وہاں موجود اسٹاف نے مجھے مالک کے گھر جانے کا کہا۔متاثرہ خاتون نے کہا کہ میں جب ہوٹل مالک کے گھر گئی تو وہ مجھے کچھ پیسے دینے کے لیے ایک الگ کمرے میں لے گیا جہاں اس نے منع کرنے کے باوجود میرا ریپ کیا، اس دوران میری بچی کو دوسرے کمرے میں رکھا گیا۔پولیس نے پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 376 کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔دوسرے کیس میں ایک خاتون نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے بیٹے کے ہمراہ ڈسٹرک ہیڈکوارٹرز ہسپتال گئی تھی جہاں سے واپسی پر اس نے دیکھا کہ اس کے 14 سالہ بیٹے کی جیب میں ایک ہزار روپے کا نوٹ موجود ہے۔خاتون نے بتایا کہ میرے پوچھنے پر بیٹے نے بتایا کہ ایک شخص مجھے ہسپتال کے قریبی جگہ پر اپنے گھر لے گیا جہاں اس نے میرا ریپ کیا اور پھر مجھے ایک ہزار روپے بھی دیے، پولیس نے دفعہ 376-تھری اور 376 کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔یاد رہے کہ دونوں کیسز میں پولیس کی جانب سے اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔سوہاوہ میں رپورٹ ہونے والے تیسرے کیس کی رپورٹ کے مطابق ایک مقامی پولٹری فارم کے ملازم نے 18 سالہ لڑکی کا ریپ کرنے کی کوشش کی۔پولیس نے دفعہ 377-بی کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں، ایس ایچ او کے مطابق مشبتہ شخص ملتان کا رہائشی ہے جسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

اس پر پڑھیں قومی خبریں Header Banner