ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بالی وڈ کے مداح جو سلمان خان کے مشہور کردار چلبل پانڈے اور اجے دیوگن کے کردار باجی راؤ سنگھم کو ایک ساتھ بڑی اسکرین پر دیکھنے کے منتظر تھے، انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا کیوں کہ فلم میں سلمان خان کا کیمو کینسل کردیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، سلمان خان نے 14 اکتوبر کے لیے اپنا کیمو شوٹ کرنا تھا لیکن اچانک بابا صدیقی کے قتل کے باعث شوٹنگ منسوخ کردی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کے ڈائریکٹر روہت شیٹی اور اداکار اجے دیوگن نے باہمی مشورے سے فیصلہ کیا کہ یہ مناسب نہیں ہوگا کہ سلمان خان کو اس موقع پر شوٹ کے لیے بلایا جائے۔
روہت شیٹی اور ان کی ٹیم کو 18 اکتوبر تک فلم کو سینسر بورڈ میں جمع کروانا تھا اس لیے انہوں نے یہ مشکل فیصلہ کیا کہ سلمان خان کا کیمو نکال دیا جائے۔ہوسکتا ہے کہ چلبل پانڈے کا کوئی بیک شاٹ فلم کے آخر میں نظر آئے لیکن یہ دیکھنے کے لیے مداحوں کو فلم کے ریلیز ہونے تک انتظار کرنا ہوگا۔