کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2024ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام 38 روزہ ”ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2024 “ کے 26ویں روز کامیڈی تھیٹر پلے ”خوابوں کی نوٹنکی “ پیش کر دیاگیا ، ڈرامہ بابر جمال نے تحریر کیا جبکہ ہدایت کاری عظمیٰ سبین کی تھی، ڈرامے کی کاسٹ میں زرقا ناز، اسامہ رانجھا اور علینا گلزار نے اپنے اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ ہمارا اتنا بڑا فیسٹیول جاری ہے، بیس سے زیادہ ملک یہاں پر فارم کر چکے ہیں،آپ تمام لوگ اس فیسٹیول کے میزبان ہیں،اس ہال میں کرسیوں کے ساتھ سیڑھیاں بھی بھری ہوتی ہیں،دنیا میں اتنا بڑا فیسٹیول کبھی نہیں ہوا۔انہوں نے کہاکہ میں بالکل بھی نہیں تھکا، ہسپتال سے سیدھا یہاں آیا ہوں، اس مرتبہ 25 ممالک ایسے ہیں جو فیسٹیول میں نہیں آسکے ،وہ اگلے سال ضرور یہاں پرفارم کریں گے، ہم نے جب ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی شروع کیا تو 40ممالک تھے اب ان کی تعداد 45ہوچکی ہے۔
(جاری ہے)
ڈرامے کا دورانیہ 60منٹ تھا جبکہ ڈرامے میں دکھایا گیا کہ اسد اور شیرین جو نفسیاتی تجزیے پر مختلف نظریات رکھتے ہیں، شیرین اپنے آس پاس کے لوگوں کی دبی خواہشات کی تشریح میں مگن ہو جاتی ہے، جیسے جیسے غلط فہمیاں بڑھتی ہیں، شیرین کا نفسیاتی تجزیاتی جذبہ مزاحیہ کشیدگی پیدا کرتا ہے جس سے اسد کی بے چینی بڑھ جاتی ہے، ڈرامے میں اسد اور اس کی بہن ہما اپنی طرف توجہ مرکوز رکھتے ہیں۔