بالی وڈ کے سابق مصنف، اداکار اور فلم پروڈیوسر سلیم خان نے بیٹے کی وجہ سے سیاسی شخصیت بابا صدیقی کے قتل کی خبروں کو مسترد کردیا۔
12 اکتوبر کو بھارتی سیاسی شخصیت اور سلمان خان کے قریبی بابا صدیقی کو ممبئی میں قتل کر دیا گیا تھاجس کی ذمہ داری لارنس گینگ نے قبول کی جب کہ سوشل میڈیا پوسٹ میں گینگ ممبر نے لکھا تھا کہ سلمان خان کی مدد کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔
سلمان خان کو مسلسل بشنوئی گینگ کی جانب سے قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہے اور حال ہی میں بدنام زمانہ بھارتی گینگسٹر لارنس بشنوئی نے دیرینہ دشمنی ختم کرنے کے لیے سلمان خان سے بھاری رقم کا مطالبہ بھی کیا۔
اب اسی حوالے سے سلیم خان نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کی اور جب ان سے سوال پوچھا گیا کہ کیا بابا صدیقی کی موت کا تعلق سلمان خان سے ہے؟ اور کیا بشنوئی گینگ نے سلمان خان کا ساتھ دینے اور ان کی حفاظت کرنے کے باعث بابا صدیقی کو مارا؟
تو جواب میں سلیم خان نے کہا نہیں مجھے نہیں لگتا اس سے میرے بیٹے کا کوئی تعلق ہے، بابا صدیقی کے قتل کا اس بات سے کوئی لینا دینا نہیں، ایسے تھوڑی ہوتا ہے کہ آپ نے مجھے سلام نہیں کیا تو بس ہم آپ کو مار دیں گے۔
سلیم خان نے مزید کہا کہ کبھی بھی کسی کی بھی زندگی جاسکتی ہے، ایسا نہیں ہے کہ سلمان کی وجہ سے بابا صدیقی کو مارا گیا ہو۔
واضح رہے کہ اسی انٹرویو میں سلیم خان نے کا کہنا تھا کہ ’سلمان کو ملنے والی یہ دھمکیاں بھتہ خوری کے سوا کچھ نہیں، وہ کس سے معافی مانگیں‘؟
انہوں نے کہا کہ سلمان کو جانوروں کو مارنے کا شوق نہیں تھا کیونکہ وہ تو جانوروں سے محبت کرتا تھا۔