لاہور ( جنرل رپورٹر ) صوبائی دارالحکومت کے میو ہسپتال کے شعبہ امراض قلب کی ابتر صورتحال پر پنجاب کے وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا مؤقف بھی آ گیا ۔
وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے روزنامہ "پاکستان " سے گفتگو میں کہا ہے کہ معاملہ میرے علم میں نہیں ہے فوری طور پر رپورٹ طلب کر رہا ہوں معاملے کی تحقیقات ہوں گی اگر ڈائریکٹر فنانس یا کوئی اور ملو ث ہوا تو قانون کے مطابق کاروائی کریں گے۔
واضح رہے کہ میو ہسپتال کے شعبہ امراض قلب کے سربراہ نے ہسپتال کی کارکردگی کا" پوسٹ مارٹم "کر دیا ہے ایشیاء کے سب سے بڑے مرکز صحت میوہسپتال کے مذکورہ شعبہ کے سربراہ نے ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو مراسلہ بھجوا دیا ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مریضوں کے دل کے آپریشن اینجیوگرافی پلاسٹی اور ایمرجنسی پرائمر ی این جی او گرافی کرنے کے لیے ہسپتال اور اس کا ڈائریکٹر فنانس فنڈز فراہم کر رہا ہے نہ سامان دے رہا ہے جس سے مذکورہ شعبہ میں دل کے مریضوں کو ضروری سہولیات فراہم کرنا ممکن نہیں رہا اور مجبوراً سرجری اور دیگر دل کے پروسیجرز سامان ملنے تک معطل کر دیئے گئے ہیں۔