لاہور(این این آئی)وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ نومبر میں الیکٹرک وہیکل کیلئے نئی پالیسی لے آئیں گے،یہ گاڑیاں نہ صرف پاکستان میں تیار کی جائیں بلکہ برآمد بھی کی جائیں گی ۔
ایکسپو میں آٹو نمائش کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر نے کہا کہ نمائش میں آکر بہت خوشی ہو رہی ہے، وینڈرز کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھ رہا ہوں جو لوکل کے ساتھ ایکسپورٹ بھی کرتے ہیں حکومت نے استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد پر بتدریج پابندی لگانے کا فیصلہ کر رکھا ہے، استعمال شدہ امپورٹٹد گاڑیوں سے مقامی انڈسٹری کو نقصان پہنچا ہے،استعمال شدہ گاڑیاں درآمد کرنے کی پالیسی کا غلط استعمال کیا گیا،پرانی گاڑیوں کی درآمد سے کروڑوں ڈالرز کا زرمبادلہ ضائع ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی گاڑیوں تیار کرنے والوں نے حکومت کے ساتھ کئے گئے معاہدے پورے نہیں کیے،اب حکومت ان معاہدوں پر عمل کروائے گی اور اسی سے روز گار بھی میسر آئے گا،سستی اورمعیار والی گاڑی دینا کمپنیوں کی ذمہ داری ہے تاکہ کم آمدنی والا فرد بھی اپنی سواری حاصل کر سکیں۔