لاہور یوتھ فیسٹیول، "آل دی بیسٹ لاہور": وزیر تعلیم رانا سکندر حیات 

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے لاہور یوتھ فیسٹیول کے ٹرائلز کا جائزہ لینے کیلئے الحمرا ءکلچرل کمپلیکس اور پنجاب سٹیڈیم کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پینٹگز، بیٹل آف بینڈ، جیویلین تھرو، رسہ کشی، لانگ و پول جمپ سمیت ٹیلنٹ ہنٹ کی دیگر سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پرفارمنس دکھانے والے نوجوانوں کو کھڑے ہو کر داد دی اور پرفارمرز سے ملاقات کے دوران سہولیات کے بارے دریافت کیا۔

 رانا سکندر حیات نے سرگرمیوں کے دوران انتظامیہ کو پانی اور کھانے کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی اور ٹرائلز جائزہ کے دوران بعض طالبات کی پینٹگز خریدنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے گورنمنٹ مزنگ کالج کی طالبات سے یوتھ فیسٹیول کے بعد کالج کے دورہ کا وعدہ کیا اور کہا کہ ان کی حوصلہ افزائی کیلئے خود کالج آئیں گے اور وہیں پینٹگز خریدِیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ جیت کی لگن پیدا کرنے کیلئے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ نوجوانوں میں پوشیدہ ٹیلنٹ نکھارنے کیلئے یوتھ فیسٹیول جیسی سرگرمیاں ناگزیر ہیں۔سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر سکولوں میں ایک ہزار اکیڈمیاں بنا رہے ہیں جہاں شام کے اوقات میں کمیونٹی کے نوجوانوں کو بھی ٹیلنٹ نکھارنے کے مواقع میسر آ سکیں گے۔

 وزیر تعلیم نے کہا کہ میں خود سپورٹس مین ہوں اور نوجوانوں کے جوش و خروش اور جذبے کی قدر کرتا ہوں۔ رانا سکندر حیات نے لاہور یوتھ فیسٹیول کے انعقاد پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب صوبہ میں صحتمند سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں۔ ایسے ایونٹس نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو جلا بخشنے اور ان میں خود اعتمادی پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

 واضح رہے کہ یوتھ فیسٹیول میں گذشتہ روز 250 سے زائد طلبہ و طالبات نے مختلف کھیلوں اور دیگر سرگرمیوں کے ٹرائلز میں حصہ لیا جن میں طلباء کی جانب سے روایتی جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔

اس پر پڑھیں روزنامہ پاکستان - تعلیم اور صحت Header Banner