گوادر(آئی این پی)گوادر میں مذبح خانےکی تعمیر شروع کر دی گئی , پاکستان سالانہ کتنےلاکھ گدھوں کی کھالیں اور گوشت چین کو برآمد کریگا؟ اس حوالے سے اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں ۔
گوادر نارتھ فری زون میں گدھوں کے مذبح خانہ کی تعمیر شروع ہو گئی، گدھوں کو گوادر نارتھ فری زون کے مذبح خانے میں ذبح کیا جائے گا،پاکستان سالانہ 2لاکھ 16ہزار گدھوں کی کھالیں اور گوشت چین کو برآمد کرے گا ۔5 کروڑ ڈالر کی لاگت سے بننے والے اس مذبح خانے کی تعمیر پاکستان اور چین کے درمیان چین کو گدھے کے گوشت کی برآمد کے لیے قرنطینہ شرائط سے متعلق معاہدے کے بعد کی گئی ہے۔
"جنگ " کے مطابق معاہدے کے مطابق پاکستان سالانہ 2لاکھ 16ہزار گدھوں کی کھالیں اور گوشت چین کو برآمد کرے گا۔جولائی میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کو بریفنگ کے دوران سیکریٹری تجارت نے نشاندہی کی تھی کہ گدھوں کی برآمد پر کوئی پابندی نہیں ہے اور پاکستان پہلے ہی گدھوں کی فارمنگ شروع کر چکا ہے۔
وزارت میری ٹائم افیئرز کے عہدیدار نے" گوادر پرو "کو بتایا کہ پنجاب کے مختلف حصوں میں کئی فارم ہاؤسز میں پالے جانے والے گدھوں کو گوادر نارتھ فری زون کے مذبح خانے میں ذبح کیا جائے گا۔ان کے گوشت اور کھال کو بین الاقوامی معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید پروسیس کیا جائے گا اور بعد میں چین کو برآمد کیا جائے گا۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2023-24 کے دوران پاکستان میں گدھوں کی تعداد بڑھ کر 59 لاکھ ہو گئی ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ پچھلے کچھ سال کے دوران گدھوں کی آبادی میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ 2019-2020 میں ان میں سے 5.5 ملین، 2020-21 میں 5.6 ملین، 2021-22 میں 5.7 ملین اور 2022-23 میں 5.8 ملین تھے۔