جکارتہ (ڈیلی پاکستان آن لائن )انڈونیشیا میں آئی فون 16 سیریز کی فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
انڈونیشین میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آئی فون 16 سیریز کی فروخت پر پابندی حکومت نے ایپل کی جانب سے انڈونیشیا میں سرمایہ کاری کے وعدوں کو پورا نہ کرنے پر عائد کی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایپل نے انڈونیشیا میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ مراکز کے لئے 10 کروڑ ڈالرز سے زائد کی سرمایہ کاری کرنے کا وعدہ کیا تھا مگر ابھی تک کمپنی کی جانب سے صرف ساڑھے 9 کروڑ ڈالرز کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا کی وزارتِ صنعت نے ایپل کمپنی کی ڈیوائسز کے آئی ایم ای آئی سرٹیفکیٹس کے اجراءکو بلاک کر دیا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ انڈونیشین قوانین کے تحت غیر ملکی کمپنیوں کو وہاں کام کرنے کے لئے اپنی مصنوعات کی تیاری میں 40 فیصد مقامی مواد استعمال کرنا ہوتا ہے لہٰذا اگر کوئی غیر ملکی کمپنی انڈونیشیا میں کام کرنا چاہتی ہے تو اسے اپنی مصنوعات انڈونیشیا میں ہی تیار کرنا پڑتی ہیں اور وہاں اپنے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹرز قائم کرنے پڑتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا نے ماضی میں بھی مقامی سطح پر مصنوعات کی مانگ بڑھانے کے لئے غیر ملکی کمپنیوں پر اس طرح کی پابندیاں عائد کی ہیں جس کے ملے جلے نتائج سامنے آئے۔