ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 نومبر2024ء) بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے اپنی سالگرہ کے موقع پر مداحوں کو ایک بڑی خوشخبری سنائی۔ 2 نومبر کو اپنی روایت کے برخلاف مداحوں کو گھر کے باہر ملاقات نہ دینے کے باوجود، انہوں نے ایک تقریب میں انکشاف کیا کہ انہوں نے سگریٹ نوشی کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ یہ فیصلہ نہ صرف ان کی صحت بلکہ مالی طور پر بھی مفید ثابت ہو رہا ہے۔اکنامک ٹائمز کے مطابق، نوجوانوں پر مبنی متعدد عالمی برانڈز شاہ رخ خان کے اس نئے فیصلے کے بعد ان سے اشتہاری معاہدے کرنے میں دلچسپی دکھا رہے ہیں۔ کئی برانڈز کے اندرونی اصول کے تحت وہ ایسے ستاروں سے معاہدہ نہیں کرتے جو سگریٹ نوشی کرتے ہوں۔ اس خبر نے شاہ رخ خان کی مقبولیت میں مزید اضافہ کیا ہے۔
(جاری ہے)
ایک نامور برانڈ کے مارکیٹنگ چیف نے کہا کہ ان کا برانڈ، جو نوجوانوں پر مرکوز ہے، اب شاہ رخ کے ساتھ زیادہ اعتماد کے ساتھ کام کر سکتا ہے۔
شاہ رخ خان اس وقت تھمس اپ، ایورسٹ اسپائسیز، مینٹرا، کاسٹرول، دبئی ٹورزم، ریئلمی، ڈی ایکس، ہنڈائی، ڈی کور جیسے بڑے برانڈز کے ایمبیسیڈر ہیں۔ 2023 کی رپورٹ کے مطابق ان کی برانڈ ویلیو تقریباً 120.7 ملین ڈالر ہے۔ماضی میں شاہ رخ کی ساس ساویتا چھبر اور دوست جوہی چاولا بھی ان سے سگریٹ چھوڑنے کی خواہش ظاہر کر چکے ہیں۔ 2020 +میں ایک مداح نے سوشل میڈیا پر شاہ رخ سے سگریٹ چھوڑنے کے مشورے مانگے تو انہوں نے اپنی مخصوص انداز میں جواب دیا کہ آپ غلط جگہ پر جواب ڈھونڈ رہے ہیں۔