ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2024ء) مانسہرہ میں تین روزہ خیبر پختونخوا ویمن بیڈمنٹن چیمپئن شپ اختتام پذیر ہو گئی۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر مانسہرہ خالد اقبال خٹک تھے جبکہ اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر،خیبر پختونخوا اور ڈسٹرکٹ بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے عہدیداران بھی موجود تھے۔ چیمپئن شپ میں خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع پشاور،چارسدہ،نوشہرہ،مردان،صوابی،کوہاٹ،ہری پور اور ایبٹ آباد کے ساتھ ساتھ ضلع مانسہرہ کی 31 ویمن ڈبلز جبکہ 62 ویمن سنگلز ٹیموں نے شرکت کی۔
(جاری ہے)
چیمپئن شپ میں پشاوراور چارسدہ کی ٹیم نے ڈبلز میں کامیابی حاصل کی جبکہ انہی اضلاع کی ٹیم رنر اپ بھی رہی۔ ویمن سنگلز میں پشاور کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی جبکہ مردان کی ٹیم رنر اپ رہی۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے چیمپئن شپ کو کامیاب بنانے میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس اور ڈسٹرکٹ بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے تعاون کو سراہا اور خیبرپختونخوا میں پہلی بار بڑے پیمانے پر ویمن ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ بعد ازاں مہمان خصوصی نے ونر اور رنز اپ کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔