پاکستانی پیسر نے 74 میچز میں 20.36 کی اوسط سے 107 وکٹیں حاصل کی ہیں
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 نومبر 2024ء ) قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر حارث رئوف ملکی ٹی ٹوٹنی کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین بائولر بن گئے۔ حارث رئوف نے آسٹریلیا کیخلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 4 وکٹیں حاصل کرکے اس فارمیٹ میں اپنی وکٹوں کی تعداد 107 تک پہنچا کر شاداب خان کا پاکستان کے لیے زیادہ ٹی ٹونٹی وکٹیں لینے کا ریکارڈ برابر کردیا، حارث رئوف نے صرف 74 میچز میں 20.36 کی اوسط سے اتنی وکٹیں حاصل کیں جب کہ شاداب خان نے 104 میچز کھیلے تھے، قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی 98 میچز میں 97 وکٹیں لے کر اس فہرست میں تیسرے، شاہد آفریدی کے داماد اور فاسٹ باولر شاہین آفریدی 72 میچز میں 96 وکٹیں لیکر چوتھے جب کہ آف سپنر سعید اجمل 64 مقابلوں میں 85 وکٹوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
(جاری ہے)
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے پاکستان کیخلاف سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔
سڈنی میں کھیلے جارہے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے، آسٹریلوی اوپنرز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، ابتدائی تین اوورز میں ہی ٹیم کا اسکور 52 رنز تک پہنچا دیا تاہم متھیو شارٹ 32 اور جیک فریزر میک گرک 29 رنز پر پویلین لوٹے جبکہ کپتان جوش انگس صفر پر ساتھ چھوڑ گئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں گلین میکسویل 21، مارکس اسٹوئنس 14، ٹم ڈیوڈ 18، آرون ہارڈی 28، زیویئر بارٹلیٹ 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان
کی جانب سے حارث رؤف نے 4، عباس آفریدی نے 3 جبکہ سفیان مقیم نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔