صحت کے شعبے میں ترقی کیلیے پرائیویٹ  سیکٹر کیساتھ ہر ممکن تعاون کو تیار ہیں :وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پنجاب کے وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے پاکستان ڈرماٹالوجسٹ ایسوسی ایشن کانفرنس کی 43ویں سالانہ کانفرنس 2024 اور فارماہیلتھ پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ کی سلور جوبلی کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی  اس موقع پر انہوں نے پاکستان فارما ہیلتھ کو 25 سالہ کامیاب سفر مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور صحت کے شعبے میں ان کی بے مثال خدمات کو سراہا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ صحت کا شعبہ کسی بھی معاشرے کی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ پنجاب حکومت صحت عامہ کی بہتری کے لیے ایسے تمام اقدامات کی بھرپورحمایت کرتی ہے جو صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بناتے ہیں۔ فارماہیلتھ جیسے ادارے ملک میں معیاری جلدی مصنوعات کی فراہمی اور صحت کے میدان میں تحقیق و ترقی کے ذریعے قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔

انہوں نے فارماہیلتھ کی جانب سے جلدی بیماریوں کے علاج میں جدت لانے اور جلدی بیماریوں سے متعلق آگاہی اور علاج کو عام کرنے کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ فارماہیلتھ کی کامیابیاں نہ صرف صحت کے شعبے کے لیے بلکہ پاکستان کی معیشت کے لیے بھی سود مند ثابت ہو رہی ہیں۔ 
 حکومت پنجاب صحت کے شعبے میں تحقیق ، جدید اختراعات اور ترقی کے لیے پرائیویٹ  سیکٹر کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے ۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پیڈکان جیسے فورم صحت کے شعبے میں نئی اختراعات اور کامیاب شراکت داریوں کے لیے راہ ہموار کریں گے۔
تقریب میں معروف ماہرینِ جلد، محققین اور طبی شعبے کے پیشہ ور افراد نے شرکت کی۔ مقررین نے پاکستان میں جلدی امراض کے علاج میں ہونے والی پیش رفت اور صحت عامہ میں بہتری کے لیے فارماہیلتھ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔تقریب کے اختتام پر مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے فارماہیلتھ  پاکستان کےسی ای او خواجہ شہزاد اکرم اور ان کی ٹیم میں بہترین کارکردگی پر اعزازات تقسیم کیے اور مستقبل میں ان کی مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔

اس پر پڑھیں روزنامہ پاکستان - تعلیم اور صحت Header Banner