خوشبو کی شاعرہ پروین شاکر کا 72 واںیوم پیدائش 24 نومبر کو منایا جائے گا

ہفتہ 16 نومبر 2024 23:05

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 نومبر2024ء) خوشبو کی شاعرہ پروین شاکر کا72واںیوم پیدائش 24نومبر کو منایا جائے گااس سلسلے میں مختلف شہروں کے ادبی حلقوں میں تقریبات کا اہتمام کیاجائے گاجس میں مقررین پروین شاکر کی ادبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کریں گے جبکہ ان کے مداحوں کی جانب سے بھی مختلف تقریبات میں سالگرہ کے کیک کاٹے جائیں گے ۔پروین شاکر 24نومبر1952ء کو کراچی میں ایک مذہبی گھرانے میں پیدا ہوئیں جہاں پردے کی سختی سے پابندی کی جاتی تھی انہوں نے کراچی کے تعلیمی اداروں سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔پروین شاکر کو اردو ادب کی منفرد لہجے کی شاعرہ ہونے کی وجہ سے بہت کم عرصے میں اندرون اور بیرون ملک بے پناہ شہرت حاصل ہو گئی انہیں پرائڈ آف پرفارمنس اور آدم جی ایوارڈز سے بھی نوازا جا چکا ہے وہ بطور استاد درس و تدریس کے شعبے سے بھی وابستہ رہی ہیں۔

(جاری ہے)

پروین شاکرکی شاعری اردو ادب میں ایک تازہ ہوا جھونکا تھا ان کی منفرد شاعری کا موضوع عورت اور محبت ہے ان کے مجموعہ کلام میں خوشبو،صد برگ،خود کلامی،انکار اور ماہ تمام قابل ذکر ہیں۔ ادب کی دنیا میں پروین شاکر احمد ندیم قاسمی مرحوم کو اپنا استاد مانتی تھیں پروین شاکر نے اسلام آباد کے ایک مقامی ڈاکٹر نصیر علی سے شادی کی جس سے ان کا ایک بیٹا مراد علی ہے پروین شاکر نے بعد ازاں ڈاکٹر نصیر علی سے علیحدگی اختیار کر لی تھی ۔پروین شاکر 26دسمبر1994کو ایک ٹریفک حادثے میں 42 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں ۔

اس پر پڑھیں فن و فنکار Header Banner